جمعرات 25 اپریل 2024

سی ویو پر پھنسے جہاز کو نکالنے کیلئے آج ٹیمیں پہنچ رہی ہیں: علی زیدی

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے آج ٹیمیں پہنچ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق بحری جہاز سے تیل کے رساؤ سے بچنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں، کے پی ٹی میرین پولوشن کنٹرول اور پورٹ کے سکیورٹی اہلکار 24 گھنٹے وہاں تعینات ہیں۔

 علی زیدی نے کہا کہ جہاز کے کپتان نے مدد کے لیے کال نہیں دی تھی، معاملے کی تحقیقات اور واقعے کے ذمہ داروں تک پہنچنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کی حکومت ہے، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ہماری بندرگاہوں سے غیر قانونی فائدہ اٹھائے۔

خیال رہے کچھ روز قبل سی ویو کے ساحل پر کنٹینرز سے لدا بحری جہاز انجن کمزور ہونے کی وجہ سے اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا تھا جبکہ جہاز کو ریسکیو کرنے کے لیے کے پی ٹی (کراچی پورٹ ٹرسٹ) اور نیوی کے جہاز روانہ کیے گئے تھے۔

Facebook Comments