بدہ 24 اپریل 2024

کیا یہ ویڈیو سعودی عرب میں جوا خانے کی ہے ؟ حقیقت سامنے آ گئی

ریاض (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) سوشل میڈیا اکثر آپ نے یہ ویڈیو دیکھی ہو گی جس میں اسے سعودی عرب میں مبینہ جوا خانے کی ویڈیو قرار دیا جاتاہے اور پراپیگنڈہ کیا جاتاہے تاہم اب اس کی حقیقت سامنے آ گئی ہے جسے جان کر یقینا افواہیں پھیلانے والے خاموش ہو کر بیٹھ جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق اس ویڈیو میں موجود سینکڑوں افرادسعودی عرب کے روایتی لباس میں ملبوس ہیں اور ٹیبلز پر بیٹھ کر کارڈز کھیل رہے ہیں ،جسے لوگ سعودی عرب میں جوا خانے میں بنائی گئی ویڈیو قرار دیتے ہیں لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہے ، اصل میں یہ ویڈیو 2018 کی ’بلوت‘ چیمپئن شپ کی ہے ، ’ بلوت‘ تاش سے کھیلی جانے والی ایک گیم ہے جو کہ سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں بہت ہی مقبول ہے ، اسی تناظر میں جب اس کھیل کی چیمپئن شپ کروائی گئی تو یہ ویڈیو 2018 میں بنائی گئی جسے غلط رنگ دے کر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے لگا ۔

 دوسری طرف وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی بھائی چارے اور ایمان کا رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا،ایک منظم سازش کےتحت عالم اسلام کےمرکزسعودی عرب کےخلاف بےبنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے،مکہ مکرمہ اور مدینہ طیبہ میں بالخصوص حدود حرم میں میوزک پر پابندی عائدہے اور مخلوط سرگرمیوں پر بھی سخت پابندیاں ہیں،حال ہی میں امیر مکہ مکرمہ خالد الفیصل نے واضح اور دوٹوک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کسی قسم کے میوزک اور تفریحی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے،کسی کیفے یا مال میں بھی میوزک کی اجازت نہ ہو گی ۔

 علامہ طاہر اشرفی کاکہنا تھا کہ سعودی حکومت نے خانہ کعبہ کی تاریخی توسیع کی ہے اور اللہ کے مہمانوں کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کی ہیں،ایک مخصوص گروہ اور کچھ عناصر حرمین شریفین کی انتظامیہ اور پاک سعودی تعلقات کو متنازعہ دکھانے کیلئے عرصہ دراز سے مصروف عمل ہیں لیکن ہم کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ حجاج و زائرین کی خدمت کی ہے ،کورونا کے ان مشکل ایام میں سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے حج کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر پاکستانی قوم اور علماء انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

Facebook Comments