جمعہ 19 اپریل 2024

امریکا کی معید یوسف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو مذاکرات کی دعوت

امریکا کی جانب سے مذاکرات کیلئے مشیرقومی سلامتی معید یوسف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو واشنگٹن آمد کی دعوت دی ہے، بائیڈن انتظامیہ نے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آئندہ ہفتے واشنگٹن میں مذاکرات کے لئے مدعو کیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق مشیرقومی سلامتی معید یوسف اور امریکی ہم منصب جیک سلیوان کے درمیان یہ دوسرا اعلی سطح کا رابطہ ہوگا،اس سے قبل رواں سال 24 مئی کو جینیوا میں بھی دونوں کے درمیان ملاقات ہوچکی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ،افغانستان کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضہ اور مظالم پر تبادلہ خیال ہوگا،دونوں فریقین سلامتی ، دفاع اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا بھی جائزہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اپنے امریکی ہم منصب سی آئی اے کے ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کریں گے اورانسداد دہشت گردی کیلئے پاک امریکا تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی حکام امریکی حکام کو افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اعتماد میں لینے کی کوشش کرینگے، اور سرحد پار دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کے خلاف افغان اور بھارتی پروپیگنڈے کو بھی بے نقاب کرینگے۔

دورہ امریکا پر ڈاکٹر معید یوسف کا یونائیٹڈ اسٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں بھی خطاب متوقع ہے،معید یوسف وہاں نائب صدر کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں، جس کے بعد انہیں پاکستان کا مشیر قومی سلامتی کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔

Facebook Comments