اتوار 26 ستمبر 2021

لاپتہ افراد کی بازیابی ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شاہ زین بگٹی نے بڑا اعلان کردیا

جیکب آباد(دھرتی نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ جلد حل ہو ،لاپتہ افراد کے متعلق بہتری کی امید ہے اور اس سلسلے میں ہماری کوشش جاری ہے، کچھ لوگ جیلوں میں ہیں، جن پر مقدمات ہیں، اس پر بھی ہم وفاقی وزیر قانون، سیکریٹری ، ہوم سیکریٹری سب مل بیٹھ کر دیکھیں گے کہ اس پر ہم کیا کرسکتے ہیں ؟ہماری سب سے پہلے یہی کوشش ہوگی کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے مذاکرات کو آگے بڑھائیں ، ہم نہیں چاہتے کہ ہم ماضی کو دہرائیں، مذاکرات میں ہی مسائل کا حل ہے ۔

 جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے علاقے میر فیروز خان کنرانی میں راجا آفتاب کنرانی کی دعوت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کیاجائے، لاپتہ افراد کا ڈیٹا جمع کررہے ہیں، کسی سے زیادتی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے ،جس نے بھی ملکی خزانہ لوٹنا ہے، اس کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں،کسی صوبے میں گورنر راج امکانات نہیں ہیں۔

Facebook Comments