ھفتہ 20 اپریل 2024

کورونا میں مبتلا برطانوی وزیراعظم کی طبیعت بگڑگئی، آئی سی یو منتقل

کورونا میں مبتلا برطانوی وزیراعظم کی طبیعت بگڑگئی، آئی سی یو منتقل

کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جونسن کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق وزیراعظم بورس جونسن کو گزشتہ روز  تھامس اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سے انہوں نے  ویڈیو کال کے ذریعے کابینہ کی میٹنگ کی سربراہی بھی کی تھی۔

کابینہ میٹنگ کے دوران ہی بورس جونسن کی طبیعت ناساز تھی اور بعدازاں برطانوی وزیراعظم نے شام 5 بجے تک تمام انتظامی امور دیکھے جس کے بعد ان کی طبیعت مزید بگڑگئی۔

رپورٹ کے مطابق بورس جونسن کو سانس لینے میں شدید دشواری کے سبب انہیں شام 7 بجے سینٹ تھامس اسپتال کے آئی سی یو میںٕ منتقل کردیا گیا۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ بورس جانسن کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ ہوش میں ہیں۔

اس صورتحال میں بورس جونسن نے وزیرخارجہ ڈومینک راب کو نائب کے طورپر ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جونسن کی حاملہ گرل فرینڈ میں بھی کورونا کی علامات ظاہر ہو چکی ہیں۔

برطانیہ کی صورتحال

مہلک کورونا وائرس سے برطانیہ بھی شدید متاثر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 51 ہزار سے بھی زائد ہے۔

Facebook Comments