جمعہ 13 دسمبر 2024

کووڈ ویکسین کی جعلی سرٹیفکیشن کی شناخت کے لیے ایپ متعارف

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عالمی وبا کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 11لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

تاہم اس کے باوجود انڈور ڈائننگ،سفر اور ہوٹل میں کمروں کی دستیابی کے لیے کورونا ویکسین کی جعلی سرٹیفکیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اب کورونا ویکسین کی جعلی سرٹیفکیشن کے سلسلے کو روکنے کے لیے نیشنل اینڈ کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی جانب سے پاک کووڈ19 ویکسینیشن ایپ متعارف کروادی گئی ہے جو کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیشن کی شناخت کے ساتھ ساتھ ویکسین لگوانے والے افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہے۔

ٹوئٹر پر این سی او سی کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے حال ہی میں ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ این سی او سی نے نادرا کے اشتراک سے پاک کووڈ 19 ویکسینیشن ایپ لانچ کردی ہے جو کہ کووڈ سرٹیفکیشن کے لیے ڈیجیٹل والٹ پرس ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروس کے عہدیداران کاکہنا ہے کہ ایپ کو موبائل پلے اسٹور سے بآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے جب کہ کوئی بھی شخص اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر(CNIC) درج کرکے پاس حاصل کرسکتا ہے۔

حکام کے مطابق حاصل شدہ پاس کو ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے جس کے بعد مذکورہ شخص اسے متعلقہ حکام کو دکھاسکتا ہے جب کہ وہ غیر ملکی جنہوں نے پاکستان میں ویکسین لگوائی ہے اپنا پاسپورٹ اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نمبر داخل کرکے پاس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

Facebook Comments