بدہ 24 اپریل 2024

پاکستان نے تمام غیر ملکیوں کے ویزوں کی معیاد میں توسیع کر دی

پاکستان نے تمام غیر ملکیوں کے ویزوں کی معیاد میں توسیع کر دی

کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے فضائی آپریشن اورسرحدوں کی بندش کے پیش نظر حکومت پاکستان نے تمام غیرملکیوں کے ویزوں کی معیاد میں 30 اپریل تک توسیع کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر تشویش ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، کشمیریوں کو ادویات اور طبی سہولیات تک رسائی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارت کےمظالم جاری ہیں، کئی مزید کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن سے پیدا گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسائل قوانین کی خلاف ورزی کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش ہے، بھارت عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ کابل میں گوردوارہ حملے پر بھارتی میڈیا کے پاکستان پر الزامات یکسر مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے کابل میں گوردارے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کئی ممالک کے وزرا خارجہ سے کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دنیا بھر میں ہمارے سفارتخانے اپنی کمیونٹی کو مسلسل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کیہ مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی جاری ہے، کئی ممالک سے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانی شہری واپس لائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ووہان میں خدمات انجام دینے والےپاکستانی سفارتخانے کے دو اہلکار واپس گھر پہنچ گئے۔

کورونا وائرس کے باعث بند افغان سرحد کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 10 اپریل سے ہفتے میں تین دن افغانستان کو ٹرک جانے کی اجازت ہو گی۔

عائشہ فاروقی نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کے باعث فضائی و زمینی راستے بند ہونے کی وجہ سے تمام غیرملکیوں کے ویزوں میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

Facebook Comments