جمعہ 19 اپریل 2024

وزیر اعظم نے انسدادِ ملیریا ادویات کی برآمد پر پابندی کی سمری منظوری کر لی

وزیر اعظم نے انسدادِ ملیریا ادویات کی برآمد پر پابندی کی سمری منظوری کر لی

وزیر اعظم عمران خان نے انسدادِ ملیریا ادویات کی برآمد پر پابندی کی سمری منظوری کر لی، حتمی منظوری اب کابینہ سے لی جائے گی۔

انسداد ملیریا دوا کی برآمد پر پہلے پابندی لگائی گئی پھر اجازت دے دی گئی اب پھر پابندی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزرات تجارت نے 3 اپریل کو انسدادِ ملیریا کی دوا کی برآمد پر پابندی لگائی پھر 3 دن بعد نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ نوٹیفکیشن پر وجہ وزرات صحت کی سفارش درج کی۔

ذرائع کے مطابق یہ سب وزارتِ صحت اور وزارتِ تجارت کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ہوا اور ان دونوں وزارتوں کے قلم دان وزیراعظم کے پاس ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ وزارت تجارت نے قومی رابطہ کمیٹی کی ہدایت اور وزرات صحت کی طرف سے کوئی سمری موصول نہ ہونے پر انسداد ملیریا دوا کی برآمد پر پابندی لگائی تاکہ ملک میں دوا کی کمی کا مسئلہ نہ ہو۔ وزارت تجارت نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔

مگر اس دوران وزارت صحت کو خیال آیا کہ سمری تو اسے بھجوانی چاہیے، بس پھر کیا وزارت تجارت سے کہہ دیا کہ آپ پابندی ہٹا دیں باضابطہ طور پر وزارت صحت خود پابندی کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائے گی۔

وزارت تجارت نے وزارت صحت کے کہنے پر انسداد ملیریا دوا کی برآمد پر پابندی ہٹا دی۔

ذرائع کے مطابق اس کے بعد اب وزارت صحت کی سمری پر وزیراعظم نے انسداد ملیریا دوا کی برآمد پر بطور منسٹر انچارج نیشنل ہیلتھ سروسز پابندی کی منظوری دے دی ہے اور حتمی منظوری اب وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

Facebook Comments