جمعہ 29 مارچ 2024

‘باتیں کافی عرصے سے چل رہی تھیں، نہیں معلوم تھا کہ کورونا آجائے گا’

‘باتیں کافی عرصے سے چل رہی تھیں، نہیں معلوم تھا کہ کورونا آجائے گا’

پاکستان ٹیلی وژن کی سینیئر ترین اداکارہ ثمینہ احمد کی 70 سال کی عمر میں نامور اداکار منظر صہبائی کے ساتھ دوسری شادی کی خبر نے ان کےمداحوں کو حیران کردیا۔

مداحوں کیلئے یہ خبر اس لیے بھی حیران کن تھی کیوں کہ ثمینہ احمد نے اپنی زندگی کی 70 بہاروں کے بعد شای کی اور دوسری طرف کورونا نامی وائرس نے پوری دنیا کو لاک ڈائون کر رکھا ہے۔

اس سلسلے میں ثمینہ احمد سے بات کی گئی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ باتیں کافی عرصہ سے چل رہی تھیں اور ہم نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا تھا ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کورونا آجائے گا مگر ہم نے سادگی سے نکاح کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں زندگی کے معاملات نہیں رکتے اور ہر ایک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی خوشی کے مطابق لوگوں کی پرواہ کیے بغیر زندگی کو جئے اور ہماری شادی کا فیصلہ بھی ہماری خوشی کا فیصلہ ہے جس پر کسی کو بالکل اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

اداکارہ ثمینہ احمدکا کہنا ہے کہ ہم کوئی اٹھارہ سال کے بچے نہیں جو کوئی جذباتی فیصلہ کریں، منظر صہبائی بھی ایک کامل انسان ہیں، ہم نے یہ شادی سوچ سمجھ کر کی ہے جس سے میرے دونوں بچے خوش ہیں۔

ہنی مون پر جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی تو کورونا کو دیکھ لیں پھر ہنی مون کا بھی فیصلہ کریں گے۔

اس سلسلے میں ثمینہ احمد کے بیٹے زین احمد سے رابطہ کیا جو خود بھی تھیٹر کے اداکار و ہدایت کار ہیں اور ناپا کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی کے فیصلے سے متعلق انہیں معلوم تھا اوروہ اس فیصلہ پر خوش ہیں۔

واضح رہے کہ نامور اداکارہ ثمینہ احمد کی پہلی شادی فلم ڈائریکٹر فرید احمد سے ہوئی تھی اور ان سے ان کے دو بچے ہیں۔

Facebook Comments