جمعہ 29 مارچ 2024

میجر عزیز بھٹی شہید کا 56واں یوم شہادت

لاہور(دھرتی نیوز)جنگ ستمبر کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 56 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ وطن پر جان نچھاور کرنے والے وطن کے بہادر سپوت نے جرأت و شجاعت کی ایسی تاریخ رقم کی جو نصف صدی کے بعد بھی قوم کو ازبر ہے۔

بھارتی افواج کے سامنے آہنی دیوار بن جانے والے میجر عزیز بھٹی شہید 6 اگست 1928 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، ان کا خاندان خاندان قیام پاکستان سے پہلے ہی گجرات کے نواحی گاؤں لادیاں آ کر آباد ہو گیا تھا۔

قوم کے اس عظیم سپوت نے 21 جنوری 1948 کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں داخلہ لیا۔ 1950 میں پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں انہیں شہید ملت لیاقت علی خان نے بہترین کیڈٹ کے اعزاز کے علاوہ شمشیر اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل کے اعزاز سے بھی نوازا۔ میجر عزیز بھٹی شہید 1956 میں میجر بن گئے۔

6 ستمبر 1965 کو بزدل دشمن بھارت نے ارض وطن پر شب خون مارا تو برکی کے محاذ پر سترہ پنجاب رجمنٹ کے 28 افسروں سمیت کمپنی کمانڈر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔

پانچ دن اور پانچ راتوں تک بی آر بی نہر پر دشمن کے ہر وارکو ناکام بنانے والا یہ باہمت سپاہی 12 ستمبر کو دشمن کے ٹینک کا گولہ لگنے سے جام شہادت نوش کر گیا۔

عزم و ہمت کی لازوال داستان رقم کرنے پر میجرراجہ عزیز بھٹی کو ملک کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، سوہنی دھرتی پر قربان ہونیوالے فوجی جوان کو قوم آج بھی عقیدت و احترام سے یاد کرتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پوری قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو سلام پیش کرتی ہے، عزیز بھٹی شہید نے مثالی قیادت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ میں بھارتی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔

Facebook Comments