دنیا کی وہ جگہ جہاں لاش کے منہ میں سگریٹ دے کر دفنایا جاتا ہے، جانئے دنیا میں تدفین کی انوکھی ترین رسومات
لندن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) تدفین کرنا اور میت کو آگ لگا کر جلا دینا، دنیا میں مر جانے والوں کو اگلے سفر پر روانہ کرنے کے یہ دو مقبول ترین طریقے ہیں تاہم ان کے علاوہ بھی دنیا میں میتوں کو ٹھکانے لگانے کے کچھ ایسے طریقے رائج ہیں کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق جنوبی کوریا میں ایک یہ طریقہ تیزی سے رواج پا رہا ہے کہ وہ مرنے والے شخص کی چتا جلا کر اس کی راکھ تسبیح کے دانوں میں بھروا کر تسبیح اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔ 2000ءمیں جنوبی کوریا میں ایک قانون منظور کیا گیا تھا جس میں 60سال بعد قبر کو ختم کر دینا لازمی قرار دے دیا گیا۔ اس قانون کے منظور ہونے کے بعد مرنے والوں کی راکھ کی حامل تسبیح بنوانے کا رجحان تیزی سے عام ہو رہا ہے۔
تبت کے علاقے میں نہ تو مرنے والوں کو دفن کیا جاتا ہے اور نہ ہی انہیں جلایا جاتا ہے بلکہ میتوں کو پہاڑ کی چوٹی پر لیجا کر رکھ دیا جاتا ہے جہاں انہیں چیل کوے اور دیگر جانور کھا جاتے ہیں۔ یہ طریقہ چین کے کچھ صوبوں اور منگولیا میں بھی رائج ہے۔ فلپائن میں تینگویان قبیلے کے لوگ اپنے مرنے والے افراد کو بہترین لباس پہناتے، ان کے بال بناتے اور زیوارت وغیرہ پہناتے ہیں اور ہفتوں تک میت کو اپنے پاس ہی رکھتے ہیں۔ اس دوران عموماً وہ میت کے ہونٹوں میں ایک سگریٹ بھی تھمائے رکھتے ہیں۔ یہ لوگ میتوں کو اکڑوں بیٹھنے کی حالت میں دفن کرتے ہیں جبکہ خواتین کی میتوں کے ہاتھ ان کے پیروں کے ساتھ باندھ کر دفن کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے یہ خواتین بھوتوں سے محفوظ رہتی ہیں۔
فلپائن ہی میں ایگوروٹ (Igorot)نامی قبیلے کے لوگ مرنے والوں کے تابوت پہاڑ کے ساتھ لٹکا کر چلے جاتے ہیں۔ اس قبیلے میں تابوت محض ایک میٹر لمبے ہوتے ہیں کیونکہ یہ لوگ مرنے والوں کو اسی حالت میں تابوت میں بند کرتے ہیں جس حالت میں بچہ ماں کے پیٹ میںہوتا ہے۔چین کے بعض علاقوں میں مرنے والے کی آخری رسومات میں نیم برہنہ ڈانس کرنے والی لڑکیاں بلائی جاتی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارہ اس انوکھی روایت پر ایک ڈاکومنٹری بھی بنا چکا ہے۔ اس ڈاکومنٹری میں بتایا گیا ہے کہ چین کے ان علاقوں میں جن مرنے والوں کی آخری رسومات میں جتنے زیادہ لوگ شریک ہوں، اسے اتنا ہی زیادہ باعزت خیال کیا جاتا ہے چنانچہ نیم برہنہ ڈانسرز کو بلانا درحقیقت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آخری رسومات میں شریک کرنے کا بہانہ ہوتا ہے۔ مڈغاسکر اور دیگر کچھ علاقوں میں یہ عجیب و غریب رسم پائی جاتی ہے کہ لوگ اپنے مرنے والوں کو تدفین کے ہر پانچ سے سات سال بعد قبریں کھود کر دوبارہ باہر نکالتے اور انہیں نہلا دھلا کر نیا لباس پہناتے اور دوبارہ دفن کردیتے ہیں۔ دوبارہ دفن کرنے سے پہلے وہ انہیں اچھی طرح تیار کرنے اور پرفیوم لگانے کے بعد ان کے ساتھ ڈانس کرتے ہیں اور میت کے اردگرد بیٹھ کر اس طرح اس سے باتیں کرتے ہیں جیسے وہ زندہ ہو۔ وہ اسے گزرے سالوں میں پیش آنے والے تمام واقعات سناتے ہیں۔
Facebook Comments