جمعہ 13 دسمبر 2024

ہوائی جہاز کے سفر کے دوران وہ آسان طریقہ جس سے نشست کشادہ کرکے آپ تھکاوٹ سے بچ سکتے ہیں

نیویارک(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) ہوائی جہاز میں کچھ خفیہ بٹن اور ہینڈل ہوتے ہیں جن سے مسافروں میں سے کم ہی لوگ آگاہ ہوتے ہیں۔ ان میں ایک بٹن ایسا ہے جو آپ کی سیٹ کو کشادہ کرکے زیادہ آرام دہ بنا سکتا ہے۔دی مرر کے مطابق جوزلین لورا نامی ایک ایئرہوسٹس نے بتایا ہے کہ یہ خفیہ بٹن ہوائی جہاز کی سیٹوں کی آرم ریسٹ میں موجود ہوتا ہے جس کے ذریعے آپ سیٹ اور ٹانگوں کے ایریا میں زیادہ جگہ حاصل کر سکتے ہیں اور تھکاوٹ سے کسی طور بچ سکتا ہے۔ ایئرہوسٹس نے بتایا کہ یہ بٹن صرف درمیانی راستے کے ساتھ والی سیٹوں کی آرم ریسٹ کے نیچے موجود ہوتا ہے۔ بعض طیاروں میں یہ بٹن کی صورت میں ہوتا ہے اور بعض میں لیور کی صورت میں۔

 ایئرہوسٹس نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ اس بٹن یا لیور کے ذریعے آپ اپنی سیٹ کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔ بنیادی طور پر ان سیٹوںمیں یہ فیچرز معذور افراد کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے شامل کیا جاتا ہے تاہم عام مسافر بھی اس کے ذریعے سیٹ کو ایڈجسٹ کرکے اضافی جگہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس نے بتایا کہ کچھ پرانے ہوائی جہازوں میں ہو سکتا ہے کہ یہ بٹن کام نہ کرے یا آپ کو کچھ تگ و دو کرنی پڑے تاہم نئے جہازوں میں آپ باآسانی اپنے لیے مزید جگہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ایک خفیہ بٹن جہاز کے ٹوائلٹ کے باہر بھی ہوتا ہے جس کے ذریعے اندر سے بند کیے گئے ٹوائلٹ کو باہر سے بھی کھولا جا سکتا ہے۔ اسی طرح جہاز کے ایگزٹ دروازوں پر تو ہینڈل لگے ہوتے ہیں۔ بالکل اسی طرح کے ہینڈل ان کے سامنے بھی ہوتے ہیں۔ یہ ہینڈل اس لیے لگائے جاتے ہیں تاکہ جب عملہ ایمرجنسی میں مسافروں کو نکال رہا ہو تو ان ہینڈلز کو پکڑ کر مسافروں کی دھکم پیل میں گرنے سے بچ سکے۔

 جوزلین نے بتایا کہ اگرچہ جہازوں میں سگریٹ پینے پر پابندی ہے، اس کے باوجود ایش ٹرے موجود ہوتی ہیں۔ ان کا مقصد اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے مسافروں کو سہولت دینا ہے تاکہ وہ ایک طرف قانون شکنی تو کر ہی رہے ہیں، اس پر وہ سگریٹ خطرناک طریقے سے بجھا کر کسی بڑے حادثے کا سبب ہی نہ بن جائے۔چنانچہ ان کے لیے ایش ٹریز مہیا کی جاتی ہیں۔

Facebook Comments