تاجر تنظیموں کے ایف بی آر سے مذاکرات کامیاب ، 27ستمبر کا ملک گیر احتجاج ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد (دھرتی نیوز) تاجر تنظیموں کے ایف بی آر سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ، تاجر تنظیموں نے 27ستمبر کا ملک گیر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایف بی آر حکام نے کہا کہ ایف بی آر کا نیا ترمیمی بل چھوٹے تاجروں کیلئے نہیں ہے ، بجلی بل پر ٹیکس کا اطلاق چھوٹے تاجر پر نہیں ہوگا ۔ وہ لو گ جو ٹیکس نہیں دے رہے انہیں ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے 27 ستمبر کو وزارت خزانہ کے باہراحتجاج کا اعلان کیا تھا ۔ اعلان تنظیم تاجران پنجاب کے صدر شرجیل میر،صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری اور دیگر تاجروں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا ۔
شرجیل امیر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے مارے تاجروں پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے،پہلے ہی ہفتے میں تین روز کاروبار بند ہے جبکہ مہنگائی بڑھ رہی ہے ایسے میں حکومت چھوٹے تاجروں پر ظلم کررہی ہے ۔ بجلی کے بلوں پر ٹیکس ظالمانہ اقدام ہے ،تاجروں سے مذاکرات کی بجائے اچانک آرڈیننس جاری کردیا گیا ،پوائنٹ آف سیلز اور ٹیکسز کا آرڈیننس مسترد کرتے ہیں ،ہم ایف بی آر کے ملازم بننے سے انکار کرتے ہیں ۔
Facebook Comments