جمعرات 25 اپریل 2024

خیبر پختونخوا: پولیو ٹیم پر حملہ

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ویکسی نیشن ورکرز کی سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق ویکسی نیشن مہم کے ترجمان ایمل خان نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ پولیو کے خلاف پانچ روزہ مہم کے دوسرے روز پیش آیا۔

ویکسی نیشن مہم کے تحت صوبے کے تقریباً 65 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔

پولیس افسر سجاد احمد نے کہا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے چداراہ علاقے میں پولیو ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل موقع پر ہی شہید ہوگیا، جبکہ فرنٹیئر کانسٹبلری افسر شدید زخمی ہوا۔

تاہم ویکسی نیشن ٹیم کے افراد جانی نقصان سے محفوظ ہیں

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

واضح رہے کہ جمعرات کو ٹی ٹی پی کی جانب سے حکومت کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پہلا حملہ ہے۔

حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان امن مذاکرات کے بعد نومبر میں ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ دہشت گرد اکثر پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں کواپنا نشانہ بناتے ہیں۔

پاکستان اور پڑوسی افغانستان اب صرف دنیا میں وہ دو ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی پایا جاتا ہے۔ گزشتہ سال افریقی ملک نائیجیریا کو وائرس سے پاک ملک قرار دے دیا گیا تھا۔

Facebook Comments