ھفتہ 20 اپریل 2024

مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہیکرز کا ٹویٹ ……..

نئی دلی (دھرتی نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کچھ وقتی طور پر ہیک ہوگیا تاہم اسے ہیکرز کی جانب سے ایک ٹویٹ کیے جانے کے فوری بعد ریکور کرلیا گیا۔

اتوار کے روز نریندر مودی کا ذاتی اکاؤنٹ کچھ دیر کیلئے ہیک ہوا، اس اکاؤنٹ پر ان کے 73 ملین سے زائد فالورز ہیں۔ ہیکرز نے اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ایک ٹویٹ میں لکھا کہ انڈیا نے کرپٹو کرنسی کو بطور قانونی کرنسی تسلیم کرلیا ہے اور اپنے شہریوں کو کرپٹوبانٹ رہا ہے۔ بھارتی حکومت نے سرکاری طور پر 500 بٹ کوائنز خریدے ہیں جنہیں تمام شہریوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اس ٹویٹ کے ساتھ لوگوں سے رقم ہتھیانے کیلئے ایک لنک بھی دیا گیا تھا۔

بعد ازاں بھارت کے وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کا اکاؤنٹ بہت ہی مختصر وقت کیلئے ہیک ہوا تھا، یہ معاملہ ٹوئٹر انتظامیہ سے اٹھایا گیا جس کے بعد فوری طور پر اکاؤنٹ کو محفوظ کرلیا گیا۔ اس مختصر وقت کے دوران اگر کوئی بھی ٹویٹ ہوا ہے تو اس کو نظر انداز کردیا جائے۔

Facebook Comments