منگل 23 اپریل 2024

افغانستان میں قحط سالی ، شاہ محمود قریشی کی اہم تجویز

اسلام آباد ( دھرتی نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامک ممالک کی تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا ایجنڈا افغانستان ہوگا ، افغانستان میں قحط سالی کا عالم ہے ، دنیا نے توجہ نہ دی تو سردی اور بھوک سے بچے مر جائیں گے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی ، سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو افغانستان میں بحران سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے، افغانستان کا معاشی انہدام واضح دکھائی دے رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نیویارک میں مختلف وزرائے خارجہ کی افغانستان صورتحال کی جانب توجہ دلائی، برسلز میں یورپی یونین خارجہ امور کے سربراہ سےافغانستان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، افغانستان میں بینکنگ کا کوئی نظام نہیں ہے، ہم اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں لیکن پاکستان تنہا یہ ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بارشیں نہیں ہوئیں،قحط کی صورتحال ہے، خطہ سردی کی لپیٹ میں ہے ، بچے بھوک سے مرجانے کا خدشہ ہے،پاکستان کے مؤقف پر توجہ نہیں دی گئی مگر حقائق نے اُسے درست ثابت کر دیا، پاکستان کہتا آ رہا ہے کہ افغانستان کا سیاسی حل تلاش کریں، دنیا کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ افغانستان میں حالات بگڑ رہے ہیں،دنیا کو افغانستان کے معاملات میں فوری مداخلت کرنا ہوگی۔

Facebook Comments