جمعرات 18 اپریل 2024

بابر دوبارہ ٹی20 کے عالمی نمبر ون بلے باز قرار

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم دوبارہ ٹی20 میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز رضوان ایک درجہ ترقی کر کے تیسرے نمبر پہنچ گئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ناقص کارکردگی کے سبب بابر اعظم عالمی نمبر ایک رینکنگ سے محروم ہو گئے تھے۔

تاہم تیسرے میچ میں 53 گیندوں پر کھیلی گئی 79 رنز کی اننگز کی بدولت وہ دوبارہ عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اور پاکستان کے بابر 805 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ شاندار کارکردگی کی بدولت رضوان بھی ایک درجہ ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

ان دونوں کھلاڑیوں کی ترقی کے نتیجے میں جنوبی افریقی بلے باز ایڈن مرکرم کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ دو درجہ نیچے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹی20 کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی جہاں لوکیش راہل پانچویں، ایرون فنچ چھٹے، ڈیون کونوے ساتویں، جواز بٹلر آٹھویں، راسی وین ڈر ڈوسن نویں اور مارٹن گپٹل دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلنگ میں سرفہرست دس باؤلرز میں کوئی پاکستانی موجود نہیں اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا پہلے، تبریز شمسی دوسرے اور ایڈم زامپا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں نمایاں تبدیلی ہوئی ہے اور آسٹریلین بلے باز مارنس لبوشین ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بہترین کھیل کی بدولت کیریئر میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز بن گئے ہیں۔

برسبین ٹیسٹ میں بالترتیب 74 اور صفر ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلنے والے لبوشین نے دوسرے میچ میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں 51رنز بنائے تھے۔

جب ایشز سیریز کا آغاز ہوا تھا تو لبوشین چوتھے نمبر پر موجود تھے لیکن دو ہی میچوں بعد وہ شاندار کھیل کی بدولت 912 پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔

لبوشین کی ترقی کے نتیجے میں انگلش کپتان جو روٹ کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

سرفہرست 10 ٹیسٹ بلے بازوں میں اسٹیو اسمتھ تیسرے، کین ولیمسن چوتھے، روہت شرما پانچویں، ڈیوڈ وارنر چھٹے، ویرات کوہلی ساتویں ،دمتھ کرونارتنے آٹھویں، بابر اعظم نویں اور ٹریوس ہیڈ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلرز رینکنگ میں جوز ہیز وڈ کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں البتہ ان کے ہم وطن مچل اسٹارک دوبارہ ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

Facebook Comments