بدہ 24 اپریل 2024

سابق آل راؤنڈرز اظہر، رزاق کی عمران خان کیساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش

سابق آل راؤنڈرز اظہر، رزاق کی عمران خان کیساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش

سابق آل راؤنڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق نے عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش ظاہر کردی ۔

سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی ڈریم پئیر مہم میں آج سے پسندیدہ آل راؤنڈر کا انتخاب شروع ہو رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچوں میں 900 رنز اور 39 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ان کے آئیڈیل عمران خان تھے، انہیں دیکھ کرکٹ شروع کی۔

1997 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست سنچری اور دوسری اننگز میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اظہر محمود نے عصر حاضر کے کرکٹرز میں سے بابراعظم کےساتھ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ باؤلنگ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ بابر کی بیٹنگ کے دوران ٹائمنگ لاجواب ہے اور وہ سابق باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ان کی بیشتر اننگز ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھ چکے ہیں۔

دوسری جانب موہالی ٹیسٹ 2005 میں بھارت کے خلاف 346 منٹ کریز پر کھڑے رہ کر پاکستان کو یقینی شکست سے بچانے والے آلراؤنڈر عبدالرزاق نے عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

آل راونڈر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران بڑے نامی گرامی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر فخر محسوس کرتے ہیں تاہم ان کا خواب تھا کہ وہ عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کرسکیں۔

46 ٹیسٹ میچوں میں 1946 رنز اور 100 وکٹیں حاصل کرنے والے آلراؤنڈر عبدالرزاق نے میدان میں بیٹنگ کے لیے سابق کپتان جاوید میانداد کو اپنے ڈریم پیئر میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

ڈیجیٹل مہم کا پانچواں مرحلہ آج دوپہر 2 بجے شروع ہورہا ہے جہاں مداحوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پسندیدہ آل راؤنڈر کو چننے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

پی سی بی نے اس سرگرمی کے ذریعے مداحوں کو مختلف ادوار میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اپنے پسندیدہ بلے بازوں اور باؤلرز کو جوڑیوں کی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یہاں آلراؤنڈر کے چناؤ سے قبل اسپنرز، فاسٹ باؤلرز، اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے بازوں کی جوڑیوں پر مشتمل مہم کو زبردست پذیرائی ملی چکی ہے۔

اس دوران اوپنرز کی مہم میں 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل جوڑی مقبول ترین رہی۔ اس مہم میں سعید انور اور ماجد خان کو دوسری مقبول ترین جوڑی کا درجہ ملا۔مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف سب سے مقبول جوڑی رہی جبکہ سابق کپتان انضمام الحق اور محمد یوسف کی جوڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی۔

فاسٹ باؤلرز کے ڈریم پیئرز میں ٹوڈبلیوز کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گزشتہ ریکارڈز توڑدئیے، وسیم اکرم اور محمد آصف کی تصوراتی جوڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی۔

اسپنرز میں جادوگر اسپنر اور گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی تصوراتی جوڑی سب سے مقبول رہی ہے جبکہ مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کی مشہور جوڑی کا فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔دو روز تک جاری رہنے والی پسندیدہ آل راؤنڈر کے چناؤ کی اس مہم کے بعد وکٹ کیپر اور مقبول ترین ٹیسٹ کپتان کی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

Facebook Comments