جمعرات 25 اپریل 2024

کھلاڑیوں کے ساتھ آن لائن سیشنز ناگزیر ہیں، محمد وسیم

کھلاڑیوں کے ساتھ آن لائن سیشنز ناگزیر ہیں، محمد وسیم

پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کی ٹیم ناردرن کے ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے رکن، سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد کرکٹ کی واپسی کیلئے تیار رہنے کیلئے کھلاڑیوں کے ساتھ آن لائن سیشنزبہت ضروری ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ڈومیسٹک کوچ محمد وسیم نے کہا کہ کرکٹ کا یہ بریک بارش کے بریک کی طرح ہی ہے، کسی کو نہیں معلوم یہ کب ختم ہوگا لیکن جب بھی ختم ہوگا دوبارہ گراؤنڈ پر واپس جانے کیلئے ہر کسی کو تیار رہنا ہے اور اس تیاری میں ان دنوں جب سب کچھ بند ہیں ، آن لائن سیشنز کافی اہم کردار ادا کررہے ہیں تاکہ جب سیزن شروع ہو تو دوبارہ صفر سے تیاری نہ کرنی پڑے۔

محمد وسیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی ڈومیسٹک سائیڈ کیلئے آن لائن سیشنز کرائے جس میں کھلاڑیوں سے کرکٹ کی واپسی کیلئے تیار رہنے پر معاملات ڈسکس کئے، پلیئرز نے جب اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تو محمد وسیم نے ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ساتھ ایک سیشن کرادیا جنہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پوری کوشش ہوگی کہ اگلا سیزن شیڈول کے مطابق شروع ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آن لائن کوچنگ کے اپنے چیلنجز ہیں کیوں کہ اس میں کسی بھی چیز کا مظاہرہ کرکے نہیں بتایا جاسکتا اور زیادہ تر انحصار وڈیوز پر ہی رہتا ہے۔

محمدوسیم نے بتایا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو مختلف وڈیوز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ ہر پلیئر کو دستیاب وسائل کے مطابق ٹریننگ اور ڈرلز کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال تو ماضی میں ہوتا رہا ہے لیکن ایسا کبھی سوچا نہ تھا کہ سب ہی کچھ ٹیکنالوجی کے ذیعے ہی ہورہا ہوگا۔

محمد وسیم نے اپنا تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی کرکٹ کی واپسی ہوگی تو بولرز کے مقابلے میں بیٹسمینوں کو ایڈجسٹ ہونے میں زیادہ مشکلات ہوں گی اس لئے ضروری ہے کہ بیٹسمین اپنے بیلنس، فٹ ورک اور ٹائمنگ کی ڈرلز کرتے رہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ وہ بھی ہر کسی کی طرح اپنی روٹین مس کررہے ہیں، خاص طور پر بیٹ سے گیند ٹکرانے کی جو آواز کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح کرکٹ کی واپسی کی ہونی چاہیے، گیند کو کیسے چمکانا ہے یہ بعد کی بات ہے۔ دنیا میں جو بھی احتیاطی تدابیر طے کی جائیں گی اس پر ہر کسی کو عمل کرنا ضروری ہوگا۔

Facebook Comments