جمعرات 25 اپریل 2024

بلوچستان کو بھارتی سازشوں کا شکار نہیں بننے دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

بلوچستان کو بھارتی سازشوں کا شکار نہیں بننے دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ بلوچستان کو بھارتی سازشوں کا شکار نہیں بننے دیں گے۔

بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیر غائب کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ قابل مذمت ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز پر حملہ پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے، اس بات کا اعتراف بھارتی میڈیا اوراس کےفوجی افسرخود کر رہے ہیں۔

جام کمال نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ملک کے دفاع اور امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں پیش آنے والے 2 مختلف واقعات میں 7 اہلکار شہید ہوگئے۔

ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مچھ میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار احسان اللّٰہ، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا ہے کہ کیچ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی امداد علی شہید ہو گئے۔

Facebook Comments