جمعہ 19 اپریل 2024

تمام توجہ کورونا کی روک تھام پر مرکوز ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

تمام توجہ کورونا کی روک تھام پر مرکوز ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ تمام تر توجہ کورونا وائرس کی روک تھام پر مرکوز ہے، جبکہ اس سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ کورونا وائرس کا مسئلہ اس وقت اٹھایا جب دیگر صوبوں کو زیادہ معلومات بھی نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا کے بعد فوری طور پر تفتان میں اقدامات کا آغاز کیا، تفتان کو وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دینا صیح نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ تنقید کی بجائے اپوزیشن حکومتی کوششوں کا ساتھ دے۔

جام کمال نے کہا کہ محاصل کی مد میں ملک کو 400 سے 500 ارب روپے خسارہ ہوسکتا ہے، ہمیں اپنے اخراجات میں کمی لانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لئے وہ فیصلے کرینگے جو یہاں کے عوام کے حق میں بہتر ہوں۔

جام کمال نے کہا کہ این ایف سی پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے عناصر بھارت سے مل کر دہشت گردی کر رہے ہیں، ہم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

Facebook Comments