ھفتہ 20 اپریل 2024

اب بجلی کے بل سےماہانہ 35 روپے وصول کرنا بند کریں، واسع چوہدری

اب بجلی کے بل سےماہانہ 35 روپے وصول کرنا بند کریں، واسع چوہدری

پاکستان شوبزانڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان واسع چوہدری کا کہنا ہے کہ اب ہر پاکستانی کے بجلی کے بل سے ماہانہ 35 روپے وصول کرنا بند کیا جائے۔

واسع چوہدری نے تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے پاکستانی سرکاری ٹی وی پر نشر کیے جانے پراِظہار خیال کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں واسع چوہدری نے سرکاری ٹی وی پر اُردو زبان میں ’ارطغرل غازی‘ نشر کرنےکے حوالے سے کہا کہ ’مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے کہ ہمارے سرکاری ٹی وی چینل پر بین الاقوامی مواد یعنی تُرکش سریزنشر کی جا رہی ہے اور پھر اُس سے ہمارا سرکاری ٹی وی چینل لاکھوں یا اربوں روپے کمائے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

اداکار و میزبان نے سوالیہ اندازمیں کہا کہ ’کیا اب سرکاری ٹی وی ہر پاکستانی کے بجلی کے بل سے ماہانہ 35 روپے وصول کرنا بند کردے گا؟‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’خدا جانے یہ کب بند ہوگا لیکن میرا یہ سوال ایک ترکش دوست سے ہے۔‘

واسع چوہدری کے اِس تنقید بھرے ٹوئٹ پر ٹوئٹر صارفین نے اپنے جوابات کے ذریعے شدید غصے کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرنے کے بعد یکم رمضان سے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کے بعد سے متعدد پاکستانی فنکار ناخوش نظر آرہے ہیں جبکہ کچھ فنکار ایسے بھی ہیں جو اِس سیریز کی حمایت کررہے ہیں۔

اِس سے قبل یاسر حسین نے سرکاری ٹی وی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے سرکاری ٹی وی کو چاہیے کہ اپنے فنکاروں کا استعمال کرتے ہوئے تاریخ پر مبنی ڈرامہ بنائے،سرکاری ٹی وی اُن فنکاروں سے کام لے جن کے پاس اداکاری کی قابل صلاحیت ہے اور جو اِس ملک میں رہنے کے لیے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ لنڈے کےکپڑے اور ترکش ڈرامے دونوں ہی ہماری مقامی انڈسٹری کو تباہ و برباد کردیں گے۔

Facebook Comments