جمعہ 29 مارچ 2024

جمعۃ الوداع، سندھ میں آج سخت لاک ڈاؤن نہیں ہوگا

جمعۃ الوداع، سندھ میں آج سخت لاک ڈاؤن نہیں ہوگا

کراچی سمیت سندھ بھر میں لگ بھگ 6 ہفتے بعد مساجد میں جمعۃ المبارک کی ادائیگی روکنے کے لیے کیا جانے والا لاک ڈاؤن آج سے ختم کر دیا گیا ہے۔

آج دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن نہیں ہوگا اور شہری آزادی سے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے کہیں بھی آ جاسکیں گے، صوبے بھر میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات بھی منعقد ہو سکیں گے۔

شہر میں نمازِ جمعہ کے اجتماع اور مساجد کے راستوں میں رکاوٹیں نہیں ہوں گی تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیشِ نظر ڈبل سواری پر پابندی اور ایس او پیز پر عمل درآمد برقرار رہے گا۔

شہر میں مقررہ وقت کے مطابق تمام مساجد میں جمعۃ الوداع کے موقع پر نماز کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر تمام مساجد میں باجماعت نماز اور نمازِ جمعہ کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

سرکاری نوٹیفکیشن میں نمازِ جمعہ میں صرف مساجد کی انتظامیہ کو تمام ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے باجماعت نمازوں اور جمعے کی نماز کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔

آج کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے علمائے کرام اور نمازیوں سے ایس او پیز کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

شہر میں نمازِ عید کے اجتماعات کے حوالے سے بھی کسی رکاوٹ یا روک ٹوک کا کوئی نوٹیفکیشن سامنے نہیں آیا ہے، تاہم عید کے دنوں میں سمندر میں نہانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

Facebook Comments