جمعہ 29 مارچ 2024

حکومتِ پنجاب کا عید سادگی سے منانے کا فیصلہ

حکومتِ پنجاب کا عید سادگی سے منانے کا فیصلہ

کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کے لیے خیبر پختون خوا کی حکومت کے بعد حکومتِ پنجاب نے بھی اس سال عید الفطرسادگی سے منانے کا فیصلہ کر لیاہے۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سادگی سے عید الفطر منانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرکاری طور پر عید کی کسی قسم کی تقریبات نہیں ہوں گی۔

اس سے قبل خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر اس مرتبہ عید الفطر سادگی سے منانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کی جانب سے صوبائی وزراء، مشیروں اور معاونینِ خصوصی کو عید الفطر سادگی سے منانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیرِ اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر کے طور میں کسی سے عید پر نہیں ملوں گا۔

انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ عید کے دنوں میں رہائش گاہوں، حجروں اور دیگرمقامات پر ہجوم سے گریز کیا جائے، عوام عید کی خوشیاں گھروں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ منائیں۔

Facebook Comments