بدہ 24 اپریل 2024

دبئی میں اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

دبئی میں اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

دبئی میں کل سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق 27 مئی سے روزانہ صبح 6 سے رات 11بجے تک تمام تجارتی ادارے کھلے رہیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی کے ولی عہد نے بتایا ہے کہ اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم اعلیٰ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں دبئی کے نائب سربراہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم بحرانوں کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم اور کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے، اجلاس آن لائن منعقد ہوا۔

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد کا کہنا تھا کہ اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ ریاست کے موجودہ حالات کی روشنی میں مختلف اثرات کا گہرائی سے جائزہ لے کر کیا گیا۔

شیخ حمدان بن محمد نے سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مقامی شہریوں اور غیرملکیوں سے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرائیں۔

انہوں نے اطمینان دلایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں مہیا ہیں۔

Facebook Comments