جمعرات 25 اپریل 2024

’ارطغرل غازی‘ کے پروڈیوسر پاکستان میں کام کرنے کے خواہاں

’ارطغرل غازی‘ کے پروڈیوسر پاکستان میں کام کرنے کے خواہاں

مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترکش سیریز ’دیریلش ارطغرل ‘ کے پرڈیوسر اور اسکرین رائٹر محمد بزداغ نے پاکستان میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد بزداغ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو صرف سیاست اور تجارت میں ہی نہیں بلکہ فن و ثقافت میں بھی مل کر کام کرنا چاہئے اور دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو فنون لطیفہ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہیئے۔

محمد بزداغ کا کہنا تھا کہ وہ حیرت زدہ ہیں کہ دونوں ممالک کی گہری دوستی کے باوجود ہم نے مل کر ساتھ کوئی پروجیکٹ نہیں کیا۔

انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ کسی مشترکہ پراجیکٹس کے لیے دونوں ممالک کے پروڈیوسر اور اداکاروں کو اکٹھا ہونا چاہیے اور ناصرف فنون لطیفہ بلکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی جیسے کھانے پینے ، میوزیم اور تاریخ میں بھی مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

دیرلیش ارطغرل کی دنیا بھر میں مقبولیت کے حوالے سے پروڈیوسر محمد بزداغ کا کہنا تھا کہ ان کا یہ پراجیکٹ کسی مغربی ڈرامے یا اسلام فوبیا کے ردعمل میں نہیں ، اس ڈرامے کو بنانے کا مقصد مسلم فتوحات کی تاریخ کو زندہ رکھنا ہے۔

محمد بزداغ کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا میں تاج محل سے الحمرا تک فنون اور تاریخ اعلیٰ ترین مثالیں قائم ہیں، آج ہمیں پوری دنیا کو اسلام کی خوبصورت آواز سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس سیریزکی مقبولیت میں ان کی محنت شامل ہے، وہ روزانہ 20 گھنٹے کام کرتے ہیں، دیرلیش ارطغرل کے سیزن 6 کورلش عثمان کی شوٹنگ جاری ہے۔

کورلش عثمان کے حوالے سے محمد بزداغ کا کہنا تھا کہ عالمگیر وبا کورونا کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے شُوٹنگ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورلش عثمان اگلے پانچ سے چھ سال تک جاری رہے گا اور یہ بھی مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑنے میں کامیاب رہے گا ۔

Facebook Comments