جمعرات 18 اپریل 2024

مقبوضہ کشمیر میں نئے بھارتی ڈومیسائل کو مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں نئے بھارتی ڈومیسائل کو مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگمیں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم لوگوں پربھارتی مظالم جاری ہیں، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے سلسلے کو آج 332 دن ہوچکے ہیں اور ان مظالم کی ایک جھلک گزشتہ روز دنیا نے دیکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوجی کی درندگی، سفاکی کا مظاہرہ دنیا نے دیکھا، سوپور میں بچےکی تصویر انسانیت پر یقین رکھنے والوں کو یاد رہے گی۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کا اجراء مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل غیر متعلقہ افراد کو جاری کیے گئے،یہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کاتناسب بدلنے کی مکروہ کوشش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امید ہے افغانستان میں قیدیوں کی رہائی جلد مکمل کر لی جائے گی ،جبکہ ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت بھی کی۔

Facebook Comments