جمعہ 29 مارچ 2024

اراکین پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس کے دوران نظم و نسق قابلِ تحسین ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اراکین پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس کے دوران نظم و نسق قابلِ تحسین ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی۔

ملاقات میں بجٹ اجلاس، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال گیا ہے جبکہ ملاقات میں پارلیمان کے حکومت کی نگرانی کے کردار کو مزید فعال بنانے پر غور گیا ہے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، تاہم اس دوران وفاقی حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ نے بجٹ اجلاس کے دوران جس نظم و نسق کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی موجودگی کے باوجود اراکین کو بجٹ بحث میں زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حالات میں اراکین کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں بحث میں حصہ غیر معمولی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن بینچوں کی جانب سے کھل کر اپنا نقطہ نظر پیش کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت کے مقابلے میں اپوزیشن کو زیادہ وقت دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ پر عمومی بحث کے لیے 40 گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا تھا لیکن بجٹ بحث 57 گھنٹے 9 منٹ تک کروائی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جس میں اپوزیشن نے 29 گھنٹے 14 منٹ اور حکومت نے 27 گھنٹے 55 منٹ بحث کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اپنے مقررہ وقت سے 10 گھنٹے 49 منٹ جبکہ حکومت کو 6 گھنٹے 20 منٹ اضافی وقت ملا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بجٹ اجلاس میں 208 ارکان نے حصہ لیا، حکومت کے 107 اور اپوزیشن کے 101 ارکان بجٹ اجلاس میں شامل تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر پارلیمان کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران 8 جولائی کو شروع ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب بابر اعوان نے ایوان کو خوشگوار ماحول میں چلانے پر اسپیکر کو خراج تحسین پیش کیا۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران اراکین کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز حکومت کو آئندہ بجٹ بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

Facebook Comments