ھفتہ 20 اپریل 2024

رابی پیرزادہ نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

رابی پیرزادہ نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

حال ہی میں رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک اپنی پینٹنگ کی تصویر شیئر کی تھی جس پر گلوکار عدنان سمیع نے اُنہیں خوب سراہا تھا جبکہ کچھ پاکستانی صارفین نے رابی پیرزادہ پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ پینٹنگ آپ نے خود نہیں بنائی ہے۔

عدنان سمیع کے تعریفی ٹوئٹ کے بعد رابی پیرزادہ نے جذبات میں آکر ٹوئٹ کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ’لوگوں کے پاکستان چھوڑ کر چلے جانے کی وجہ یہ ہے کہ بھارت ہم سے کافی بہتر ہے، وہاں کے لوگوں نے کبھی مجھ پر طنز نہیں کیا اور نہ ہی مجھے تنقید کا نشانہ بنایا۔‘

رابی پیرزادہ نے عدنان سمیع کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے ماضی میں آپ کے بارے میں جو کچھ بھی کہا اُس کے لیے میں آپ سے معافی چاہتی ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہماری قوم کسی بھی شخص کی صلاحیتوں کی حقدار ہی نہیں ہے نہ آپ کی آواز اور نہ میری پینٹنگز۔‘ 

رابی پیرزادہ نے غصے میں کہا کہ ’میں بھی جلد ہی پاکستان چھوڑ دوں گی۔‘

رابی پیرزادہ کے اِس ٹوئٹ کے بعد اُن کے مداحوں اور صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد رابی پیرزادہ نے اپنے اکاؤنٹ سے یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا۔

بعدازاں سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کرنے کے بعد رابی پیرزادہ نے اب پاکستان اور یہاں کے لوگوں سے اپنی محبت کا اظہار اور پاکستان نہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ کیا ہے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پاکستان میرا دل، میری جان ہے اور مجھے اپنے ملک کے لوگ بےحد عزیز ہیں، اور اگر میں کبھی اپنا وطن چھوڑ کر بھی گئی تو مکّہ جاؤں گی۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’وہ چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جو پاکستان کے آرٹ کو پروموٹ نہیں کرتے ہیں اُنہوں نے ایک بار پھر مجھے منفی خبروں میں سب سے آگے کردیا ہے لیکن جب میں نے کچھ دیر بعد اپنے فیصلے کی تردید کردی تو کسی چینل نے میرے اس مثبت رویے کی طرف توجہ نہیں دی۔‘

Facebook Comments