جمعہ 29 مارچ 2024

نادیہ جمیل نے کینسر کو شکست دے دی

نادیہ جمیل نے کینسر کو شکست دے دی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں مداحوں کو اپنی طبیعت کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور مداحوں کی بےپناہ سپورٹ اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا۔

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ان کی زندگی میں کیموتھراپی کا مرحلہ کسی جنگ سے کم نہیں تھا، لیکن انہوں نے اللہ کی مدد سے درد اور تکلیف کو صبر اور حوصلے سے برداشت کیا۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں مداح کو جواب دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ آخر کار انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔

کینسر سے نبردآزما نادیہ جمیل نے بتایا کہ کیموتھراپی کے سیشنز کے باعث اُن کا شوگر لیول  600 سے تجاوز کر جاتا تھا، اور اب وہ ذیابیطس کا شکار ہوگئیں ہیں اور اسپتال سے نکلنے کے بعد سب سے پہلے انسولین لگانا سیکھیں گی۔

نادیہ جمیل نے لکھا کہ وہ اب بھی شدید کمزوری اور گھبراہٹ محسوس کرتی ہیں، لیکن مداحوں کے پیار بھرے حوصلہ افزاء پیغامات انہیں ہمت دلاتے رہتے ہیں کہ اچھا وقت دور نہیں۔

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں نادیہ جمیل نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ براہِ کرم سب میرے لئے دعا کریں کہ میں کچھ کھا لوں ، کیموتھراپی کے بعد سے کچھ نہیں کھایا، گزشتہ ایک ہفتے سے صرف ایک سیب اور آدھی ڈبل روٹی کھائی ہے۔

انہوں نے آخر میں تمام بیماروں کی شفایابی کیلئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ سب کمزور لوگوں کی مدد کرے اور ساتھ ہی صحت ی دولت سے مالا مال لوگوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ اپنی زندگی میں کسی چیز کو بے معنی نہ سمجھئے۔

نادیہ جمیل مارچ میں کینسر کی تشخیص کے بعد سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔

Facebook Comments