جمعرات 25 اپریل 2024

کراچی: کورنگی میں پولیس اہلکار قاتلانہ حملے میں زخمی

کراچی: کورنگی میں پولیس اہلکار قاتلانہ حملے میں زخمی

کراچی: کورنگی میں پولیس اہلکار قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں گھر سے ڈیوٹی پر تھانے جاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار دہشت گردوں کے مسلح حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ 

ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق لانڈھی کا رہائشی پولیس کانسٹیبل اصغر احمد آج صبح گھر سے موٹر سائیکل پر ڈیوٹی پر پہنچنے کے لیے زمان ٹاؤن تھانے جا رہا تھا کہ کورنگی نمبر 5 میں اسٹیڈیم کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس سے اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔

 ڈاکٹرز کے مطابق کانسٹیبل اصغر کو 2 گولیاں پیٹ میں لگیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ حملے کے وقت پولیس کانسٹیبل مکمل یونیفارم میں نہیں تھا، اس نے پولیس کی پتلون اور جوتے پہنے ہوئے تھے جبکہ شرٹ سادہ تھی۔

 ایس ایس پی کورنگی کے مطابق جائے وقوعہ سے پولیس کو گولیوں کے خول ملے ہیں جب کہ اصغر پر حملہ گزشتہ ہفتے محمود آباد میں پولیس کانسٹیبل نعمان علی کی شہادت کے واقعہ سے مماثلت رکھتا ہے جسے تھانے اور گھر کے راستے میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ محمود آباد میں قتل کیے گئے پولیس اہلکار کا اسلحہ ملزمان ساتھ لے گئے تھے اور کورنگی میں حملے کے بعد اصغر کا پستول بھی ملزمان لے گئے۔

Facebook Comments