جمعرات 06 اگست 2020

آکسیجن، وینٹی لیٹرز پر کورونا مریضوں میں 28 فیصد کمی آ گئی: اسد عمر

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے عوام کے بہتر طرزِعمل کی کامیابی نمایاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 20 جون کو پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 969 مریض آکسیجن پر تھے، جبکہ 546 مریض وینٹی لیٹرز پر تھے۔

اسد عمر نے بتایا ہے کہ الحمد للّٰہ کل یہ تعداد کم ہو کر آکسیجن پر 1 ہزار 762 کورونا مریض جبکہ وینٹی لیٹر پر 394 مریض تک آگئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طرح آکسیجن اور وینٹی لیٹر زپر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں 28 فیصد کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کے اجتماعی اختیار میں ہے، حفاظتی تدابیر پر عمل سے صحت کی حفاظت کے ساتھ روزگار بھی چلتا رہے گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہےکہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو جو امریکا، برازیل اور بھارت جیسے ممالک میں ہو رہا ہے، خدانخواستہ ہمارے یہاں بھی ہو سکتا ہے۔