جمعہ 29 مارچ 2024

کم عمر یوٹیوب اسٹار نے سلور اور گولڈن پلےبٹن حاصل کرلیا

کم عمر یوٹیوب اسٹار نے سلور اور گولڈن پلےبٹن حاصل کرلیا

احمد شاہ کو یوٹیوب کی جانب سے مذکورہ اعزاز محض 5 سال کی عمر میں دیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر احمد شاہ نے اپنے دونوں بھائیوں کے ہمراہ سلور اور گولڈ پلے بٹن تھامے ہنستی مسکراتی تصویر شیئر کی۔

کم عمر یوٹیوب اسٹار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ ملک کے کم عمر ترین شخص بن گئے ہیں۔

احمد شاہ نے سلور اور گولڈن پلے بٹن ملنے پر یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ ویڈیو میں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ دکھائی دیئے۔

یو ٹیوب کی جانب سے یہ اعزاز10 لاکھ  سے زائد سبسکرائبرز ہونے  پر دیا جاتا ہے، اگر احمد شاہ کے یوٹیوب چینل کا جائزہ لیا جائے تو محض 84 ویڈیوز کے ساتھ ان کے سبسکرائرز کی تعداد 11 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔

احمد ناصرف یوٹیوب بلکہ دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر بھی کافی مقبول ہیں اور انسٹاگرام، فیس بک پر لاکھوں صارفین فالو کرتے ہیں اور احمد کی شرارتوں اور منفرد انداز میں کہے گئے ڈائیلوگز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے سلور پلے بٹن چینل بنانے والے کو اس وقت دیا جاتا ہے جب کوئی چینل ایک لاکھ سبسکرائبر کی حد کو عبور کرتا ہے اور گولڈن پلے بٹن اس وقت دیا جاتا ہے جب یوٹیوب پر چینل کے سبسکرائبرز کی حد 10 لاکھ سے تجاوز کرجائے۔

احمد شاہ کو مذکورہ دونوں بٹن ایک ساتھ دیئے گئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ احمد شاہ کا یوٹیوب چینل کافی مشہور ہے۔

Facebook Comments