جمعہ 19 اپریل 2024

آئی پی ایل 2020 متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگی

آئی پی ایل 2020 متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگی

انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) کی گورننگ کونسل کے چیئرمین برجیش پٹیل نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق برجیش پٹیل نے کہا کہ آئی پی ایل کا فائنل 8 یا 10 نومبر کوکھیلا گیا جائے اور اس کا حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تاریخیں آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے اراکین کو بھیج دی گئی ہیں لیکن کونسل کے اجلاس کے حوالے سے انہوں نے تفصیل نہیں بتایا۔

آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ شیڈول سمیت ٹورنامنٹ کے اہم نکات سے ٹیم مالکان کوجلد ہی آگاہ کیا جائے گا جبکہ ٹیموں کو صرف تاریخ سے آگاہ کیا گیا اوردیگر تفصیلات دی جائیں گی۔

آئی پی ایل کا متحدہ عرب امارات میں انعقاد کی اہم فائدہ قرنطینہ کا دورانیہ بتایا گیا ہے جو کم ہے، اس وقت متحدہ عرب امارات جانے والے افراد کو جانے سے پہلے اور پہنچنے کے بعد کوروناکا ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔

جب دونوں ٹیسٹ منفی ہوں گے تو قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی لیکن جب کوئی مسافر بغیر ٹیسٹ متحدہ عرب امارات پہنچ گیا تو اس کے لیے قرنطینہ لازمی ہے۔

آئی پی ایل میں مجموعی طور پر 60 میچ کھیلے جائیں گے اور اگر8 نومبر کو فائنل کھیلا گیا تو ٹورنامنٹ 51 دن طویل ہوگا۔

قبل ازیں مارچ میں تیار کیے گئے ابتدائی شیڈول میں ٹورنامنٹ کا دورانیہ 50 دن رکھا گیا تھا تاکہ ایک دن دو میچوں سے کو کم سے کم رکھا جائے اور ٹیموں کی جانب سے بھی کھلاڑیوں کو تکلیف سے بچانے کے لیے یہی درخواست کی گئی تھی۔

متحدہ عرب امارات میں بھی متوقع طور پر ایک دن میں دو میچوں کو کم سے کم رکھا جائے گا۔

آئی پی ایل کے بعد بھارت کی ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں 3 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا تاہم قرنطینہ کے لیے بھارتی ٹیم کو کافی وقت مل جائے گا۔

خیال رہے کہ بی سی سی آئی نے رواں برس اپریل میں کورونا وائرس کے باعث دیگر کھیلوں کے مقابلے ملتوی ہونے کے بعد آئی پی ایل کو بھی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بھارت اس وقت کورونا سے متاثرہ ممالک میں دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 31 ہزار 406 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 13 لاکھ 37 ہزار 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے گزشتہ ہفتے اشارہ دیا تھا کہ آئی پی ایل 26 ستمبر سے 7 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلاجارہا ہے اور کہا تھا کہ حتمی فیصلہ آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔

بعد ازاں 20 جولائی کو آئی سی سی نے کورونا وائرس کے باعث 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کردیا۔

آئی سی سی بورڈ نے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے ساتھ ساتھ ایونٹ کے 2021 اور اس سے اگلا ایونٹ 2022 میں منعقد کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

بھارت کو 2021 ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے لیکن ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ 2021 کے ایونٹ کی میزبانی بھارت کرے گا یا آسٹریلیا تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں اس سلسلے میں ترجیح دی جائے گی۔

Facebook Comments