جمعہ 29 مارچ 2024

پاکستان میں کورونا کے 225 مریض وینٹیلیٹرز پر

پاکستان میں کورونا کے 225 مریض وینٹیلیٹرز پر

پاکستان میں حکام کے مطابق کورونا کے 841 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھںٹوں میں 22 ہزار 930 ٹیسٹ کرائے گئے۔

سنیچر کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ایک دن میں مزید 19 مریض کورونا کے باعث انتقال کر گئے جس کے بعد پاکستان میں مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر پانچ ہزار 970 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک دو لاکھ 48 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 25 ہزار 149 رہ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئیں جہاں سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اب تک دو ہزار 220 مریضوں کا انتقال ہوا۔ پنجاب میں اموات کی تعداد دو ہزار 142 رہی جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 199 ہلاکتیں ہوئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 165 جبکہ بلوچستان میں 136 اموات رپورٹ ہوئیں۔

گلگت بلتستان میں 54 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی 54 مریض عالمی وبا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں اس وقت 225 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔

ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے ایک ہزار 859 وینٹیلیٹرز مختص کیے گئے ہیں۔

Facebook Comments