منگل 23 اپریل 2024

کرونا کو شکست دینے والے رکن قومی اسمبلی افتخار الحسن انتقال کر گئے

کرونا کو شکست دینے والے رکن قومی اسمبلی افتخار الحسن انتقال کر گئے

ڈسکہ: کرونا وائرس انفیکشن کو شکست دینے والے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں حلقہ این اے 75 سے منتخب ہونے والے ن لیگی ایم این اے سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

مرحوم کرونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہوئے تھے اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب بھی کیا تھا، تاہم اوپن ہارٹ سرجری کے دوران برین ہیمبرج کے باعث انتقال کر گئے۔

سید افتخار الحسن 50 سالہ سیاسی زندگی میں ناقابل شکست رہے، 2 مرتبہ ممبر ضلع کونسل، 3 مرتبہ ایم پی اے، 4 مرتبہ ایم این اے منتخب ہوئے، ظاہرے شاہ میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے، مرحوم کے والد سید فیض الحسن شاہ سید عطا اللہ شاہ بخاری کے دست راست تھے۔

ظاہرے شاہ نے بلدیاتی نمائندے کا الیکشن لڑ کر عملی سیاست کا آغاز کیا تھا۔ جون میں کرونا مثبت آنے کی وجہ سے سید افتخار الحسن کو لاہور منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ علاج کے بعد صحت یاب ہو گئے۔

17 جولائی کو انھیں اچانک ہارٹ اٹیک ہوا جس کے بعد ڈاکٹرز نے اوپن ہارٹ سرجری کی، تاہم اس دوران برین ہیمرج ہو گیا، جس پر انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، آج ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

Facebook Comments