جمعہ 19 اپریل 2024

مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے دن کی اہم معلومات

مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے دن کی اہم معلومات

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر ٹیسٹ کا تیسرا دن بولرز کے نام رہا۔ کھیل کے دوران مجموعی طور پر 14 وکٹیں گریں۔

انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تو دوسری اننگز میں پاکستان نے 137 رنز پر 8 وکٹیں گنوادیں۔ پاکستان کی مجموعی برتری 244 رنز ہو گئی۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز نے شاندار پرفارمنس دی۔ انگلینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں 62 رنز پر گرائیں۔

تیسرے دن اولی پوپ 46 اور جو بٹلر 15 رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔ لیکن پہلی ضرب نسیم شاہ نے لگائی اور پوپ کی وکٹ 62 پر گرادی، پھر یاسر شاہ کا جادو چلا، پہلے بٹلر کو 38 پر پویلین پہنچایا اور پھر ڈوم بیس اور کرس ووکس کو چلتا کیا۔

آخری دو وکٹیں شاداب خان کے حصے میں آئیں۔ آرچر 16 اور اینڈرسن 7 رنز بنا کر ان کا شکار بنے، یوں انگلینڈ کی ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یاسر شاہ نے 66رنز کے عوض چار وکٹیں لیں۔ محمد عباس اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کو پہلی اننگز میں 107 رنز کی برتری حاصل رہی۔

دوسری اننگز میں انگلش بولرز چھا گئے۔ پہلی ضرب اسٹورٹ براڈ نے لگائی، شان مسعود صفر پر آؤٹ تو عابد علی 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 5 اور اظہر علی 18 صرف رنز بنا سکے۔

اسد شفیق اور محمد رضوان کچھ دیر وکٹ پر رکے لیکن سبلے کی شاندار تھرو نے یہ شراکت بھی توڑ دی۔ اسد 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد رضوان 27 اور شاداب 15 رنز بناکر پویلین لوٹے۔شاہین آفریدی بھی دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کھیل کے اختتام پر پاکستان کا اسکور آٹھ وکٹ پر 137 رنز تھا، اور اس کی مجموعی برتری 244 رنز ہو گئی تھی۔ یاسر شاہ 12 اور محمد عباس صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔

Facebook Comments