جمعہ 19 اپریل 2024

پاکستانی ٹیم مزید کتنے رنز بنا کر جیت کی پوزیشن میں‌ آسکتی ہے؟

پاکستانی ٹیم مزید کتنے رنز بنا کر جیت کی پوزیشن میں‌ آسکتی ہے؟

پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ اسپینرز اور فاسٹ باولرز کو دونوں‌ کو سپورٹ کررہی ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کا میچ دیکھ کر دو اسپنرز کھلانے کا فیصلہ کیا، ٹیم مینجیمنٹ نے پچ اور کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد گیارہ رکنی اسکواڈ منتخب کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بولرز کا اعصابی طور پر مضبوط ہونا ضرور ہے اور یہ چیز یاسر شاہ میں موجود ہے، اسے مینیجمنٹ کی طرف سے بھرپور سپورٹ کیا جارہا ہے، شاداب اور یاسر نے آخری سیشنز میں بہت اچھی باؤلنگ کی۔

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ کافی پریشان کن رہی، ٹیسٹ میچ میں پارٹنر شپ بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے مگر ہمارے بیٹسمین اس چیز میں ناکام رہے اور سیٹ ہوتے ہی آؤٹ ہوتے رہے، اگر کل 30 سے 35 رنز اور بنالیے تو ہم بہتر پوزیشن میں آجائیں گے، ابھی 244 کی سبقت ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اچھا ٹاگٹ دیں‘۔

اُن کا کہنا تھاکہ ’ہمارے اسپنرز نے بہت اچھی باؤلنگ کی، شاداب خان نے آخری سیشن میں اچھا اسپیل کیا، اسی طرح دوسری اننگز میں انگلینڈ کے بولرز نے بھی اچھا کھیل پیش کیا‘۔

مشتاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے یاسر شاہ کے بولنگ اسٹائل پر کام کررہے تھے، وہ بہت بہترین فارم میں ہے، اُس کی اب تک کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے اور امید ہے کہ دوسری اننگز میں انگلینڈ کے بلے بازوں کو پریشان کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’یاسر کے علاوہ بھی ہمارے پاس بہترین بولرز موجود ہیں، شاداب نے عمدہ کارکردگی دکھائی جبکہ فاسٹ بولر نے نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی، تمام کھلاڑیوں نے میچ پر فوکس کیا ہوا ہے اور وہ جیت کے لیے بھرپور جان مار رہے ہیں‘۔

Facebook Comments