جمعرات 28 مارچ 2024

نواز شریف کی تصویر: ’کون لوگ او تسی؟‘

نواز شریف کی تصویر: ’کون لوگ او تسی؟‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے اپنی ایک حالیہ ٹویٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادے کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی تو سوشل ٹائم لائنز پر پرانی بحث نئے سرے سے شروع ہو گئی۔

شہباز گل کی جانب سے بدھ کے روز ٹویٹ کی گئی تصویر میں خرابی صحت کے بعد علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے صاحبزادے کے ہمراہ ایک سڑک کے کنارے چلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

مزید پڑھیں

’مریم نواز کے جوتوں سے آپ پریشان کیوں؟‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اپنے تبصرے میں سمجھ نہ آنے کی پریشانی کا ذکر کیا تو لکھا ’سمجھ نہیں آتی کیسے کوئی صحت پر اتنی غلط بیانی کر سکتا ہے۔‘

شہباز گل نے مزید لکھا کہ ’انہوں نے مال پانی، بزنس، اولاد، علاج لندن میں رکھنا ہے اور حکومت پاکستان میں کرنی ہے۔ بیٹوں پر پاکستان کا قانون نافذ نہیں ہوتا اور بیٹی قوم کی بیٹی اور لیڈر ہے۔‘

 

ٹویٹ میں موت کے ذکر سے کچھ صارفین کے جذبات مجروح ہوئے تو شہباز گل تنقید سے بچ نہیں سکے۔ 

ثمینہ قاسم نامی صارف نے شہباز گل سے رشتوں کی اہمیت سے متعلق سوال کیا تو اپنے تبصرے میں لکھا ’دن رات نواز شریف آپ کے حواس پر قائم ہے۔‘

 

’سب انسان ہیں‘ نامی ہینڈل نے شہباز گل کو مشورہ دیا کہ خود کو نہ تھکائیں تو لکھا ’ہم نے مان لیا ہے کہ انہیں باہر جانے دینے کے معاملے میں حکومت شامل نہیں تھی، بس اب خوش۔‘

 

اسد نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے سے متعلق واقعات کا حوالہ دیا تو لکھا کہ ’آپ بالواسطہ طور پر خان صاحب اور یاسمین راشد کو جھوٹا کہہ رہے ہیں‘۔

 

عادل فیاض نے شہباز گل کی ٹویٹ پر جاری بحث میں شرکت کی تو ایک نسبتا مختلف پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا ’یہ باہر کوئی مشرف یا زرداری دور میں نہیں گئے بلکہ  “میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا ” کہنے والے خان صاحب کے دور میں گئے ہیں‘۔ 

خوشی محمد نے بات آگے بڑھائی تو اپنے تبصرے میں لکھا ’عوام کو گمراہ کرنا بند کریں اب۔۔ مان لیں کہ بڑے لوگوں کا احتساب نہیں ہورہا ہم سے یا نہیں کرنے دیا جا رہا ہمیں ‘۔

 

سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد جیل میں تھے جہاں طبیعت کی خرابی کے بعد انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک لے جایا گیا تھا۔ گزشتہ کئی ماہ سے نواز شریف اپنے بیٹوں کے پاس برطانیہ میں مقیم ہیں۔

نواز شریف کی حالیہ تصویر کے متعلق یہ بات تو کسی نے واضح نہیں کہ تصویر کب کی اور کس مقام پر لی گئی ہے۔ البتہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی تصویر نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے حامیوں کو سوشل میڈیا پر آمنے سامنے لا کھڑا کیا۔

Facebook Comments