جمعہ 29 مارچ 2024

جرمنی : سائیکل پر دو بینک لوٹ کرجانے والا ڈاکو ڈرامائی انداز میں گرفتار

جرمنی : سائیکل پر دو بینک لوٹ کرجانے والا ڈاکو ڈرامائی انداز میں گرفتار
پولیس کے مطابق عجیب بات یہ تھی کہ ان دونوں وارداتوں کے دوران ملزم نے ہوائی چپل پہنی ہوئی تھی ــفوٹو:غیر ملکی میڈیا

برلن : جرمنی کی پولیس نے دو بینکوں کا صفایا کرکے سائیکل پر فرار ہونے والے ڈاکو کو اگلے ہی روز ڈرامائی انداز میں حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تھوڑے سے ہی وقت میں دو بینک لوٹ کر سائیکل پر فرار ہونے والا ڈاکو اگلے ہی روز گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی جس کی پولیس نے مالیت نہیں بتائی۔

پولیس کے مطابق یہ ملزم جو ایک سائیکل پر سوار تھا اور جس نے چہرے پر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ماسک بھی پہنا ہوا تھا، کل منگل پچیس اگست کو شہر کے شوئنے بیرگ کہلانے والے علاقے میں ایک بینک میں گیا۔ وہاں اس نے بینک کیشیئر کو خنجر دکھا کر جان سے مار دینے کی دھمکی دی اور رقم کا مطالبہ کر دیا۔

اس بینک سے رقم لوٹنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ ملزم برلن کے دوسرے علاقے شارلوٹن برگ میں کُوڈام کی مشہور شاہراہ پر بھی ایک بینک میں چلا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : لوگ ’کھبُو‘ کیوں ہوتے ہیں؟

وہاں بھی اس نے اسی طرح کیشیئر کو ڈرا کر اس سے رقم لی اور فرار ہو گیا، پولیس کے مطابق عجیب بات یہ تھی کہ ان دونوں وارداتوں کے دوران ملزم نے ہوائی چپل پہنی ہوئی تھی اور وہ دونوں بینک لوٹ کر اپنی سائیکل پر فرار ہوا تھا، دونوں بینکوں نے ان وارداتوں کی فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی تھی۔

ان وارداتوں کی تفتیش اور ملزم کی تلاش کا کام پولیس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ کو سونپا گیا، جس کے ماہرین کی مشتبہ ڈاکو کی شناخت میں فیصلہ کن مدد بینکوں میں لگے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج نے کی۔

نتیجہ یہ نکلا کہ آج بدھ چھبیس اگست کی صبح آٹھ بجے کے قریب اس 39 سالہ مبینہ ڈاکو کو اس کے فلیٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔

اس ملزم کو برلن کے علاقے شوئنے بیرگ سے ہی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی رہائش گاہ لوٹے گئے دونوں بینکوں سے زیادہ دور نہیں تھی۔ پولیس نے تاہم پرسنل پرائیویسی کے جرمن قانون کے تحت ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ اس نے دونوں وارداتوں میں کل کتنی رقم لوٹی تھی۔

Facebook Comments