جمعہ 29 مارچ 2024

پُرسکون نیند کیلئےصحت بخش مشروبات

پُرسکون نیند کیلئےصحت بخش مشروبات

دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد چند گھنٹوں کی پر سکون نیند کون نہیں چاہتا، نیند کی کمی دن بھر نا صرف سُستی کی وجہ بنتی ہے بلکہ صحت کے حوالے سے بھی متعدد خطرناک مسائل پیدا ہوتے ہیں، جن میں ہارٹ اٹیک، بلڈپریشر، ڈپریشن اور انزائٹی جیسی بیماریاں شامل ہیں۔

نیند کی کمی کا مسئلہ ایک عالمی مسئلے کے طور پر سامنےآ رہا ہے ، انسانی صحت کے لیے پر سکون نیند انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، نیند کے دوران ہی انسانی جسم کے متاثر ہ خلیوں اور پٹھوں کی مرمت قدرتی طور پر عمل میں آتی ہے ۔

ایک عام روایت پائی جاتی ہے کہ ایک گلاس گرم دودھ رات کو اچھی نیند لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اس حوالے سے دنیا بھر میں متضاد رائے پائی جاتی ہیں۔ 

سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کو ایک گلاس گرم دودھ لینا اگرچہ صحت کے لیے فائدہ مند ہے لیکن اس سے نیند آنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

نیند کی کمی کے سبب پیش آنے والے مسائل سے جان چھڑانے کے لیے سونے سے قبل اگر پھلوں سے بنے چند مشروبات کا استعمال کرلیا جائے تو اس شکایت سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔

جانیے اس ہیلتھ رپورٹ میں صحت بخش مشروبات سے متعلق جن کے استعمال نہ صرف اچھی نیند آئے گی بلکہ یہ مشروبات بے چینی جیسی کیفیت کا بھی خاتمہ کریں گے۔

گولڈن ملک

گولڈن ملک صحت کے حوالے سے بے شمار فوائد کا مجموعہ کہلاتا ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزا جسم سے سوزش (انفلیمیشن) ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں، یہی نہیں یہ دیسی مشروب معیاری نیند کی فراہمی میں بھی بے مثال ہے۔

ایک مطالعے سے ثابت ہے کہ ہلدی کا استعمال نیند کی کمی جیسے مسائل سے محفوظ رکھتا ہے، لہٰذا رات کو سونے سے قبل یہ ہلدی ملا دودھ آپ کے مزاج کو بہتر بنانے، ذہنی دباؤ اور بے چینی جیسی کیفیات کو کم کرنے کے علاوہ بہتر نیند لانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

ملک بنانے کا طریقہ:سوس پین میں 2کپ دودھ ڈیڑھ چمچ ہلدی ، ڈیڑھ چمچ دار چینی،ڈیڑھ انچ چھلا ادرک اور ایک چمچ شہد ڈال کر کچھ دیر پکائیں۔ پھر مسالے چھانتے ہوئے دودھ کو پی لیں۔

اسٹرابیری ملک

اچھی اور معیاری نیند کے لیے میلاٹون کی مقدار کا بڑھنا ضروری ہے۔ میلاٹون ایک ایسا ہارمون ہے جو انسانی جسم میں رات غروب آفتاب کے بعد بڑھنا شروع ہوجاتا ہے۔ اس ہارمون کی کم سطح بے خوابی جیسے مسائل پیدا کرتی ہے، اسٹرابیری ملک کے ذریعے میلاٹونن کی سطح بآسانی بڑھائی جاسکتی ہے۔ اسٹرابیری سے تیار کردہ یہ دودھ کوریا ئی ٹرینڈ ہے۔

کوریا میں بچے اور نوجوان بیڈ ٹائم سے قبل اسٹرابیری سے تیار کردہ دودھ استعمال کرتے ہیں، اسٹرابیری میں ضروری اینٹی آکسیڈنٹس، پوٹاشیم اور وٹامن پائے جاتے ہیں۔

وٹامن B6معیاری نیند کی فراہمی اور میلاٹونن کی مقدار کو بڑھانے میں اہم کردار اداکرتا ہے جبکہ وٹامن سی کی زیادہ مقدار جِلد کی صحت کے لیے بہترین ہوتی ہے۔

ملک بنانے کا طریقہ:بلینڈر میں 2کپ کٹی ہوئی اسٹرابیری ،2چمچ شہد ،ایک چٹکی نمک،8اونس ملک اور ایک چمچ ونیلا ایکسٹریکٹ شامل کریں۔ اسٹرابیری ملک کو گرم پینا چاہیں یا ٹھنڈا، یہ آپ کی پسند پر منحصرہے ۔

چیری پنک مون ملک

چیری نہ صرف ذائقے میں مزیدار ہوتی ہے بلکہ یہ ایک ایسی غذا ہے جو نیند کے لیے ضروری ہارمون میلاٹونن تیار کرتی ہے۔ چیری میں موجود ٹرپٹوفن، سیروٹونن میں تبدیل ہوکر میلاٹونن بناتا ہے۔ 

تحقیق سے ثابت ہے کہ نوجوانوں میں سونے سے قبل چیری ملک کا استعمال، انہیں نیند کی کمی جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیتا ہے، چیری پنک مون ملک میں موجود غذائی اجزا معیاری نیند کے ساتھ ساتھ ا نسان کے مزاج کو بہتر بنانے اورسوزش کو کم کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں۔

ملک بنانے کا طریقہ:چیری پنک مون ملک بنانے کے لیے 6 اونس آلمنڈ ملک، 4 اونس کھٹی چیری کا جوس، ایک چمچ شہداورخشک گلاب کی کچھ پتیاں بطور اجزا لیں۔

آلمنڈ ملک کو کچھ دیر پکائیں، پھر اس میں چیری ڈال کرہلکی آنچ پر مزید پکائیں۔ 

چولہے سے اُتار کر اس میں شہد اور گلاب کی پتیاں ڈال دیں، ان تمام اجزا کو بلینڈر میں ڈال کر بھی چیری پنک مون تیار کیا جاسکتا ہے۔

بنانا ملک شیک

کیلے جسم کے پٹھوں کو شدید دباؤ سے باہر نکالنے کا کام سرانجام دیتے ہیں، اس پھل میں میگنیشیم اور پوٹاشیم کی خصوصی مقدار موجود ہوتی ہے۔ یہ دونوں اجزا انسان میں شب بیداری جیسے مسائل کا خاتمہ کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ 

دوسری جانب اس دودھ میں موجود ٹرپٹوفن نامی امینو ایسڈ، سلیپنگ سرکل کو ریگولیٹ کرنے میں مددگارٍثابت ہوتا ہے۔

ملک بنانے کا طریقہ:بنانا ملک شیک بنانے کے لیے دودھ اور کیلوں کے ساتھ شہد کا اضافہ کردیں اور پھر اچھی طرح سے تینوں اجزا کو بلینڈ کریں۔ 

بنانا ملک شیک انسانی موڈ کو بہتر بنانے اور اچھی نیند کے حصول میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

Facebook Comments