جمعہ 19 اپریل 2024

سرخ آسمان

سرخ آسمان
سرخ آسمان

نانا!آج سورج گرہن ہے۔“یحییٰ نے ڈرائنگ روم میں اخبار پڑھتے ہوئے نانا کو تازہ خبر سنائی۔”اچھا یہ کیا ہوتا ہے۔“نانا نے یحییٰ سے پوچھا۔

”وہ سورج کے سامنے ایک پلانیٹ آجاتا ہے نا،تو سورج غائب ہو جاتا ہے۔

“اس نے اپنی معلومات بتائی۔

”ارے نانا!ابھی اندھیرا ہو جائے گا،جیسے رات ہو جاتی ہے۔“وریشاء نے بھی تیزی سے کہا:”اور آسمان سرخ ہو جائے گا۔“

اتنے میں عبدالباری،زہرہ اور عبدالواسع بھی خوف چہرے پر سجائے ڈرائنگ روم میں داخل ہوئے۔

”یہ واسع باہر جا رہا ہے،سورج کی طرف دیکھے گا تو آنکھیں خراب ہو جائیں گی۔“زہرانے بھی اپنی دانائی جتائی۔

”ہاں بچوں!یہ بات تو درست ہے کہ سورج گرہن میں سورج کی طرف دیکھنے سے آنکھیں خراب ہونے کا خطرہ رہتا ہے،لیکن یہ سورج گرہن کیوں ہوتا ہے؟“نانا نے اخبار ایک جانب رکھ دیا اور بچوں سے پوچھا۔

”اللہ میاں ناراض ہو جاتے ہیں نا،اس لئے سورج چھپ جاتا ہے۔“وریشاء جلدی سے بولی۔

”بھئی اللہ میاں ناراض تو نہیں ہوتے،ہاں یہ بات صحیح ہے کہ سورج گرہن اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔“نانا نے جواب دیا۔

”سورج گرہن منحوس ہوتا ہے۔

“زہرا بولی۔

”نہیں بیٹا!یہ پرانے زمانے کی باتیں ہیں،اب تو سائنس نے ہر چیز کا پتا لگا لیا ہے ،ہمارے سائنس دان برس ہا برس سے سورج گرہن کا مشاہدہ کرنے کے لئے دور دراز کا سفر طے کرکے گرہن زدہ علاقوں میں جاتے ہیں اور اس بارے میں سچ کا پتا چلاتے ہیں۔

”نانا!سچ کیا ہے ہمیں بھی بتائیں۔“عبدالباری نے پوچھا۔

”ہاں بیٹا!ہمیں ہمیشہ سچ جاننے کی کوشش کرنی چاہیے،سچی بات یہ ہے کہ سورج گرہن کو بعض مذاہب میں آج بھی منحوس سمجھا جاتا ہے اور بعض کے نزدیک سورج کا گرہن لگنا اللہ کی بندوں سے ناراضی کی نشانی ہے،لیکن اسلام میں سورج گرہن کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ سورج اور چاند اللہ کے متعین کردہ راستے پر چل رہے ہیں اور گردش میں ہیں۔

سائنسی تحقیق میں بھی اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ سورج اور چاند زمین کے گرد اپنے اپنے مدار میں چکر کاٹ رہے ہیں،لیکن کبھی کبھی یہ ایک دوسرے کے سامنے آجاتے ہیں۔زمین پر سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند گردش کے دوران سورج اور زمین کے بالکل بیچ میں آجاتا ہے،جس کے بعد زمین سے سورج کا کچھ یا پھر پورا حصہ نظر نہیں آتا۔

چاند کا زمین سے جتنا فاصلہ ہے اس سے 400 گنا زیادہ فاصلہ سورج اور چاند کے درمیان ہے،اس لئے زمین سے سورج گرہن واضح طور پر نہیں دیکھا جاتا اور یہ بھی ضروری نہیں کہ سورج گرہن کو پوری دنیا میں دیکھا جا سکے۔سورج گرہن کے وقت ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ ”صلوٰة کسوف“ادا کرو جس کا اردو ترجمہ”نماز خوف“ کے ہیں،جب کہ چاند گرہن کے وقت کسی بھی خاص عبادت کا حکم نہیں دیا گیا۔

سورج گرہن کی کئی اقسام بھی ہیں۔کبھی مکمل سورج گرہن ہوتا ہے،کبھی جزوی،کبھی مخلوط اور کبھی حلقی سورج گرہن ہوتا ہے۔“

”نانا!یہ مکمل سورج گرہن کیا ہوتا ہے؟“واسع نے بہت سوچ کر سوال پوچھا۔

”بھئی زمین کو مکمل سورج گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند کا فاصلہ زمین سے اتنا ہو کہ جب وہ سورج کے سامنے آئے تو سورج مکمل طور پر چھپ جائے ،چونکہ چاند اور زمین کے مدار بیضوی ہیں۔

چاند کا زمین سے فاصلہ بدلتا رہتا ہے اس لئے ہر دفعہ مکمل سورج گرہن نہیں لگتا۔ مکمل سورج گرہن کے وقت چاند کا فاصلہ زمین سے نسبتاً کم ہوتا ہے،سورج کے مکمل چھپ جانے کی وجہ سے خطے میں نیم اندھیرا ہو جاتا ہے اور دن کے وقت ستارے نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

یہ گرہن ایک مقام پر سات منٹ چالیس سیکنڈ تک ہوتا ہے ،لیکن کم بھی ہو سکتا ہے۔زمین کے جس خطے میں مکمل سورج گرہن لگتا ہے،وہاں دوبارہ 340 سال بعد اس طرح کا گرہن لگنے کا موقع آتا ہے۔“

”اور یہ حلقی سورج گرہن کب ہوتا ہے؟“اس بار زہرا بولی۔

”زمین پر حلقی سورج گرہن اس وقت لگتا ہے کہ جب چاند ،سورج اور زمین کے درمیان آجاتا ہے،مگر اس کا سورج سے فاصلہ زیادہ ہوتا ہے،اس لئے سورج کو مکمل طور پر چھپا نہیں سکتا۔اس صورت حال میں چاند کا سائز چھوٹا ہوتا ہے اور سورج کی روشنی زمین پر پڑتی ہے۔

رہا مخلوط سورج گرہن تو اسے یوں سمجھو کہ زمین پر بعض اوقات سورج گرہن اس طرح نظر آتا ہے کہ بعض جگہ پر مکمل گرہن نظر آتا ہے اور کسی مقام پرمخلوط نظر آتا ہے،اس صورت میں حلقی سورج گرہن کا حلقہ بہت باریک ہوتاہے۔اب یہ بھی سن لو کہ اب تک دیکھا جانے والا سب سے طویل سورج گرہن 1999ء میں یورپ میں دیکھا گیا تھا اور یہ تاریخ میں اب تک کا سب سے دیر تک نظر آنے والا سورج گرہن تھا۔

”نانا!سورج گرہن کے بارے میں تو آپ نے بتا دیا کیا چاند بھی گرہن ہوتا ہے۔“وریشاء نے کہا،جو بہت دیر سے سن رہی تھی۔

”ہاں بیٹا!چاند گرہن بھی ہوتا ہے۔جب زمین کا وہ سایہ جو گردش کے دوران کرہ زمین کے چاند اور سورج کے درمیان آجانے سے چاند کی سطح پر پڑتا ہے اور چاند تاریک نظر آنے لگتا ہے،اسے چاند گرہن کہتے ہیں۔

چونکہ زمین اور چاند دونوں سورج سے روشنی حاصل کرتے ہیں ۔ زمین سورج کے گرد اپنے مقررہ مدار پر گھومتی ہے اور چاند میں سال میں دوبار آتا ہے اور اس کا سایہ ایک دوسرے پر پڑتا ہے، چاند پر سیایہ پڑتا ہے تو چاند گرہن اور سورج پر پڑتا ہے تو زمین پر سورج گرہن دکھائی دیتاہے۔چلو اب سب لوگ کمرے میں بیٹھ کر ناشتہ کرو۔

Facebook Comments

پیاری بیوی
2021-10-11