جمعہ 19 اپریل 2024

غیر ملکیوں کی واپسی: خصوصی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

غیر ملکیوں کی واپسی: خصوصی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت
فوٹو فائل : رائٹرز

ریاض: سعودی عریبین ایئر لائنز انتظامیہ نے خصوصی پروازوں اور ان سے ریزرویشن کے طریقہ کار کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی واپسی پروازوں کی سہولت سے مشروط ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے خصوصی پروازوں اور ان سے ریزرویشن کے طریقہ کار کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

السعودیہ کے مطابق خروج و عودۃ، ملازمت، اقامہ یا وزٹ ویزوں میں سے کوئی ایک ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو جنہیں منگل 15 ستمبر 2020 سے سعودی عرب واپسی کی اجازت دی گئی ہے، وہ پروازوں کی سہولت سے مشروط ہے۔

ان پروازوں سے سفر کرنے والے کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ جس ملک سے سفر کر رہا ہے اس سے اجازت نامہ حاصل کرے اور جس ملک میں جارہا ہے وہاں سے بھی اجازت حاصل کی جائے۔

السعودیہ نے یہ بھی کہا کہ استثنائی پروازوں سے ریزرویشن کروانے والے کو ساری کاغذی کارروائی مکمل کرنا ہوگی، اسے ضروری دستاویزات پیش کرنا ہوں گی اور مطلوبہ کارروائی نمٹانا ہوگی۔

علاوہ ازیں سفر کرنے والے ملک اور جس ملک کا سفر کیا جا رہا ہے ان دونوں سے بھی منظوری حاصل کرنا ہو گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے تاحال بیرون ملک سے آنے والے پروازوں پر پابندی برقرار ہے اور اس حوالے سے حکام کی جانب سے کسی قسم کا لائحہ عمل جاری نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔

Facebook Comments