جمعہ 18 ستمبر 2020

”بجلی آتی نہیں مگر بل وقت پر آ جاتا ہے“ شاہد آفریدی بھی پھٹ پڑے

فوٹو فائل : رائٹرز

لاہور (دھرتی نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی پر برہم ہو گئے جن کا کہنا ہے کہ بجلی نہیں آتی مگر بل ٹائم پر آ جاتا ہے۔ 

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں شاہد آفریدی نے کے الیکٹرک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی میں نہ بارش ہورہی ہے لیکن پھر بھی بجلی نہیں ہے، کوئی نیا بہانہ دیں۔

میرے گھر تقریباً 20 گھنٹے سے بجلی نہیں ہے، رات بھر بھی بجلی نہیں تھی، بجلی آتی نہیں مگر بل ٹائم پر آ جاتا ہے۔ 

20 گھنٹے سے بجلی سے محروم سابق کپتان کے دل کا حال جان کر عوام بھی ان کے ساتھ مل گئے اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں ہونیوالی شدید بارشوں نے عام شہریوں کی طرح شاہد آفریدی کو بھی بری طرح متاثر کیا تھا۔

طوفانی بارشوں کے بعد ممتاز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کے گھر میں تین دن تک بجلی غائب رہی تھی، مسلسل چلنے والے جنریٹر نے بھی جواب دیدیا تاہم شاہد آفریدی اس لحاظ سے خوش نصیب رہے کہ ان کے گھر میں برساتی پانی داخل نہیں ہوا تھا۔