جمعرات 28 مارچ 2024

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر گئی

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر گئی
فوٹو :فائل

واشنگٹن / نئی دہلی / برازیلیا: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر گئی، بھارت میں فعال کیسز 10 لاکھ اور امریکا میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات 2 لاکھ کا ہندسہ پار کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 69 ہزار 586 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 781 ہوگئی۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 73 لاکھ 206 ہے، ان میں سے 61 ہزار 250 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 2 کروڑ 18 لاکھ 23 ہزار 599 کرونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 96 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 4 فیصد ہے۔

اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی اموات 2 لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔

اب تک امریکا میں کرونا وائرس کے 68 لاکھ 28 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 25 لاکھ 7 ہزار 795 ہے۔ ملک میں زیر علاج 14 ہزار 157 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک میں 41 لاکھ 19 ہزار 158 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

بھارت کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کرونا وائرس کے 97 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ اور 11 سو سے زائد اموات ہوئیں۔

ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک ملک بھر میں 83 ہزار 257 افراد کرونا وائرس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

بھارت میں فعال کیسز کی تعداد 10 لاکھ 14 ہزار 510 ہے جبکہ صحتیاب مریضوں کی تعداد 40 لاکھ 25 ہزار 79 ہوچکی ہے۔

برازیل میں بھی کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں وائرس سے ہلاک مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار 174 ہوچکی ہے، برازیل میں اب تک 44 لاکھ 21 ہزار 686 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

Facebook Comments