ھفتہ 20 اپریل 2024

کراچی میں اسٹریٹ کرائم، عوام ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم و کرم پر

کراچی میں اسٹریٹ کرائم، عوام ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم و کرم پر
فوٹو :فائل

کراچی : (دھرتی نیوز )شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، شہری دن دہاڑے لٹنے لگے۔ ناظم آباد اور ابوالحسن اصفہانی روڈ میں ہونے والی وارداتوں کی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں اسٹریٹ کرائم پھر زور پکڑنے لگے، شہری اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں، ناظم آباد میں 2موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے خواتین کو لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ناظم آباد نمبر دو میں مسلح موٹر سائیکل ملزمان نے خواتین سے بیگ چھین لیا، خواتین نے مزاحمت کی کوشش کی تو ساتھ موجود بچے پر جھپٹ پڑے، خواتین کے شور مچانے پرایک ملزم موٹر سائیکل کی طرف بھاگا، دوبارہ پلٹا اورخواتین کا بیگ لیکر چلتا بنا۔

دوسری واردات میں ابو الحسن اصفہانی روڈ پر مسلح ملزمان نے حجام کی دکان میں لوٹ مار کی، دو مسلح افراد نے دکان میں موجود دو افراد کو زمین پر بٹھایا اور باآسانی لاکرز سے پیسے اور موبائل فونز لے کر فرار ہوگئے۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن کی پولیس نے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں ڈکتیی میں ملوث گروہ گرفتار کرلیے

پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی۔

گرفتار گروہ کا سرغنہ خدا بخش بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کا رہائشی ہے۔ گرفتار ملزمان نے گزشتہ روز گلشن حدید میں دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، واردات میں دکان سے لوٹے گئے موبائل فونز ملزمان سے برآمد کر لئے گئے۔

Facebook Comments