جمعہ 29 مارچ 2024

پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز نہ کرائے گئے تو کیا ہو گا؟ عاقب جاوید نے خبردار کر دیا

پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز نہ کرائے گئے تو کیا ہو گا؟ عاقب جاوید نے خبردار کر دیا
فوٹو :فائل

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول ترین اور متحرک فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز کا ہونا بہت ضروری ہے، اگر یہ میچز نہ ہو ئے تو پھر پی ایس ایل 6 پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو مارچ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہو ئے کیسز کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی اور اب صورت حال بہتر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس ضمن میں لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہوئے لیکن اب اچھی خبریں یہ ہیں کہ پاکستان میں حالات بہتر ہیں، پاکستان میں قرنطینہ بھی زیادہ نہیں کرنا پڑتا اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کا قرنطینہ کر دیا گیا ہے جو کہ اچھی چیز ہے۔ 

 سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ دوسرے ممالک میں اب بھی قرنطینہ 15 روز کا چل رہا ہے، اگر پاکستان میں بھی قرنطینہ 15 روز کا ہوتا تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کی حامی بھرتے لیکن اب ایسا نہیں ہے، 48 گھنٹوں کی وجہ سے اب کسی کھلاڑی کیلئے معذرت پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کیلئے اخبارات میں بہت کچھ پڑھنے کو ملتا ہے کہ براڈ کاسٹرز اور فرنچائزز کے مسائل کے حوالے سے چیلنجز ہیں، مجھے امید ہے کہ پی سی بی ان چیلنجز پر پورا اترے گا اور یہ میچز ضرور ہوں گے۔

مزید پڑھیں : بھارت میں کم سن بچوں نے اپنی والدہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا لیکن کیوں؟ ایسی وجہ کہ پولیس اہلکار بھی دم بخود رہ گئے 

انہوں نے کہا کہ اگر یہ 4 میچز بھی ممکن نہیں ہو پاتے تو پھر اگلے سیزن پر بھی سوالیہ نشان آئیں گے، پی ایس ایل کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے، 70 سالوں میں اگر کوئی برانڈ پاکستان میں بنا ہے تو وہ پی ایس ایل ہے، لیگ کے میچز اسی طرح مزید دو تین برس لگاتار پاکستان میں ہوتے ہیں تو اس کے پاکستان میں کھیلوں پر مثبت اثرات پڑیں گے۔

Facebook Comments