جمعہ 29 مارچ 2024

سائبر حملے کی وجہ سے خاتون کی موت

سائبر حملے کی وجہ سے خاتون کی موت
فوٹو : رائٹرز

برلن: جرمنی میں سائبر حملے کی وجہ سے خاتون کی موت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون کی موت کی وجہ سائبر حملے کو قرار دیا گیا ہے کیونکہ حملے کے بعد سے اسپتال کا سسٹم کام نہیں کررہا تھا۔

اسپتال انتظامیہ نے سسٹم نہ چلنے کی وجہ سے خاتون کو داخل کرنے سے انکار کیا جس کے بعد اہل خانہ انہیں دوسرے اسپتال لے جارہے تھے کہ راستے میں اُن کا انتقال ہوگیا۔

جرمنی کے پراسیکیوٹر نے جمعے کے روز ڈوسیلڈورف شہر میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ موذی مرض سے لڑنے والی خاتون کو گیارہ ستمبر کی رات طبیعت خراب ہونے کے بعد یونیورسٹی کلینک لایا گیا جہاں سائبر حملے اور سسٹم نہ چلنے کی وجہ سے انتظامیہ نے اُن کے علاج سے معذرت کی۔

خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے 30 کلومیٹر پر واقع دوسرے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اسی دوران انہوں نے آخری سانسیں لیں اور جب اسپتال پہنچیں تو ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔

سائبر کرائم یونٹ کے سربراہ کرسٹو بیبیکر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ہیکنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، کام میں غفلت اور لاپرواہی کرنے والے شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے اسپتال کے آپریٹنگ سسٹم کو ہیک کیا جس کی وجہ سے انتظامیہ اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Facebook Comments