جمعہ 26 اپریل 2024

گاڑیوں کی چوری، محکمہ ایکسائز نے اہم سروس متعارف کرا دی

گاڑیوں کی چوری، محکمہ ایکسائز نے اہم سروس متعارف کرا دی
فوٹو :فائل

کراچی:(دھرتی نیوز) محکمہ ایکسائز سندھ کی جانب سے رجسٹرڈ گاڑیوں کی معلومات کے لیے ایس ایم ایس سروس کا آغاز کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ گاڑیوں کی معلومات کے لیے SMS سروس کا آغاز کیا گیا ہے، یہ سروس گاڑیوں کی چوری اور غیر قانونی استعمال کے خلاف مدد گار ہوگی۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز سندھ نے عوام کی سہولت کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی ہے، اب کوئی بھی شخص اپنا شناختی کارڈ نمبر 8147 پر ایس ایم ایس کر کے اپنے نام رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد گھر بیٹھے ہی معلوم کر سکتا ہے۔

انھوں نے کہا اس سروس کا مقصد گاڑیوں کی چوری، غیر قانونی استعمال اور دیگر جرائم کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، مذکورہ سہولت پہلے محکمے کی ویب سائٹ www.excise.gos.pk پر موجود تھی، اب یہ سہولت ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مہیا کر دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 8147 پر گاڑی کا نمبر سینڈ کر کے گاڑی کی تفصیلات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں اور اگر ٹیکس ادا کر دیا ہے تو اس کی وصولی کی تصدیق کا میسج بھی مل جائے گا۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ اس سہولت کے باعث عوام کو نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت ہوگی بلکہ محکمہ ایکسائز سندھ کے دفاتر پر بھی دباؤ کم ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کا مقصد عوام کو جدت کے ساتھ سہولیات فراہم کرنا ہے اور اب لوگوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ٹیکسز بر وقت ادا کر کے قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

Facebook Comments