منگل 23 اپریل 2024

ایک فیس بک پوسٹ ’لائیک‘ کرنے پر مصر میں آدمی کو جیل میں ڈال دیا گیا

ایک فیس بک پوسٹ ’لائیک‘ کرنے پر مصر میں آدمی کو جیل میں ڈال دیا گیا
فوٹو :فائل

قاہرہ(دھرتی نیوز) مصر میں ایک آسٹریلوی شہری کو ایک فیس بک پوسٹ لائیک کرنا مہنگا پڑ گیا۔ پکڑ کر جیل میں ڈال دیا گیا۔

سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق اس آدمی کا نام ولید یوسف ہے جو آسٹریلیا اور مصر دونوں ممالک کی شہریت رکھتا ہے۔

وہ 20سال قبل آسٹریلیا منتقل ہوا تھااور وہاں سڈنی میں سیمنٹ رینڈرنگ کا کاروبار کرتا ہے۔

وہ اپنی فیملی کے ہمراہ اپنے آبائی ملک گیا تھا جہاں ایک سیاسی پوسٹ کو لائیک کرنے پر اسے 14جنوری کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا اور اب تک رہا نہیں کیا گیا۔

 رپورٹ کے مطابق ولید یوسف کو ایک انتہائی چھوٹے سے سیل میں دیگر 17قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

ایک طرف اس کی گرفتاری کی مدت میں مسلسل توسیع ہوتی جا رہی ہے اور دوسری طرف عدالت میں نہ تو اس کی اپیل دائر ہو رہی ہے اور نہ ہی اس کے وکیل یا بیوی بچوں کو اس سے ملنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔45

سالہ یوسف نے مصر کے ایک کالعدم سیاسی گروپ کی فیس بک پوسٹ لائیک کی تھی جس پر مصری حکام کی طرف سے اس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس کا اس کالعدم گروپ سے تعلق ہے اور وہ اس کا ممبر ہے۔

اس گروپ کا سربراہ 2012ءمیں مصر کا صدارتی انتخاب بھی لڑ چکا ہے تاہم اس الیکشن کے فوری بعد اسے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا تھا اور وہ اب تک قید میں ہی ہے۔

Facebook Comments